سیالکوٹ: نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے تربیتی افسران کا ڈپٹی کمشنر آفس کا دورہ

سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرمدثر رتو)نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، لاہور کی زیر نگرانی 41ویں مڈ کیئر مینجمنٹ کورس میں شامل افسران کے 17 رکنی وفد نے ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے وفد سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ تیزی سے ترقی کرتا ہوا شہر ہے جس کی بنیادی وجہ یہاں کی 8 ہزار رجسٹرڈ فرمز ہیں جو آلات جراحی، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کے سامان اور میوزیکل انسٹرومنٹ سمیت مختلف مصنوعات تیار کرتی ہیں۔ ان مصنوعات کی دنیا بھر خاص طور پر یورپ اور امریکہ میں بڑی مانگ ہے، جس کے نتیجے میں سیالکوٹ کی سمال اور کاٹیج انڈسٹریز کے ذریعے ملک کو اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سیالکوٹ کی فی کس آمدن ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کی زمین نے کئی مشاہیر کو جنم دیا ہے جن میں مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال، فیض احمد فیض، ظہیر عباس، ظفر علی خان، امجد اسلام امجد، اعجاز احمد، شعیب ملک اور کلدیپ نیئر شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ چونڈہ کے محاذ پر پاک بھارت جنگ میں سیالکوٹ کے بہادر شہریوں اور پاک فوج نے دشمن کو شکست دی، جس کے باعث سیالکوٹ کو ہلال استقلال کا اعزاز حاصل ہوا۔

ڈپٹی کمشنر نے سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کی تعریف کی جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ڈرائی پورٹ اور ایئر لائن بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بزنس کمیونٹی نے 25 سال قبل پبلک پرائیویٹ پروجیکٹ کے تحت سیالکوٹ کی سڑکوں، سیوریج اور نالیوں کی تعمیر کا کامیاب منصوبہ بنایا جس کی ملک کے کسی اور شہر میں نظیر نہیں ملتی۔

وفد میں شامل افسران کی قیادت ایڈیشنل ڈائریکٹرنگ اسٹاف (NIM) حنا خالد اور ڈاکٹر جاوید طارق اعوان کر رہے تھے، جن میں کوآرڈینیٹر ان لینڈ اسٹڈی ٹور رافعیہ حیدر، کوآرڈینیٹر ہما کنول اور دیگر افسران شامل تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر، سی ای او ایجوکیشن جاوید اقبال بابر، سی او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عمر امجد بیگ اور ڈی ڈی ڈویلپمنٹ محمد آصف نے وفد کو اپنے محکموں کے بارے میں بریفنگ دی اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے۔

Comments are closed.