پاکستانی نژاد اسکاٹش ویمن کرکٹر نیما شیخ اسکاٹ لینڈ نیشنل اسپورٹس اسکالر شپ حاصل کرنے والی پہلی کرکٹر بن گئیں۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے مطابق نیما شیخ کو وننگ اسٹوڈنٹس 100اسکاٹ لینڈ نیشنل اسپورٹ اسکالر شپ کیلئے منتخب کیا گیا ہے ، نیما شیخ اسکالر شپ حاصل کرنے والی اسکاٹ لینڈ کرکٹ کی پہلی کھلاڑی ہیں، کرکٹ اسکاٹ لینڈ کا بتانا ہے کہ اسکاٹش اسپورٹس میں 1700 سے زائد اسٹوڈنٹس ایتھلیٹس کو سپورٹ کیا جارہاہے، ایتھلیٹس کو اسکالر شپ اکیڈمک کوالیفکیشن کی بنیاد پر فراہم کی جاتی ہے جوانہیں کامیابی کےساتھ آگے بڑھنے میں مدد کرتا ہے۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے مطابق نیما شیخ اکاؤنٹینسی اور فنانس کی تعلیم گلاسکو یونیورسٹی سے حاصل کر رہی ہیں، نیما شیخ سمیت اس مرتبہ 105اسٹوڈنٹس ایتھلیٹس کو اسکالر شپ میں شامل کیا گیا ہے، 31 مختلف ڈسپلن سے تعلق ر کھنے والے ایتھلیٹس کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں ٹارگٹ کو حاصل کرنے میں سپورٹ کی جائے گی،اس حوالے سے نیما شیخ کا کہنا ہے کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں مین اینڈ ویمن سے پہلی کرکٹر ہوں، اس اسکالر شپ کے ذریعے مجھے کھیل اور پڑھائی میں مزید آگے بڑھنے کا موقع ملے گا،واضح رہے کہ نیما شیخ نے 2023 میں انٹر نیشنل ڈیبیو کیا تھا، وہ 2 ون ڈے اور 7 ٹی ٹوئنٹی میچز میں اسکاٹ لینڈ کی نمائندگی کرچکی ہیں۔








