ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ عوام الناس کے مسائل کے بروقت حل کے لیے روزانہ صبح 10 بجے سے 11:30 بجے تک شہریوں کے مسائل سن کر موقع پر متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور دیگر ضلعی افسران بشمول ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، اور ضلع کونسل کے افسران نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی شکایات سنیں اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے۔

ڈپٹی کمشنر نے اوپن ڈور پالیسی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ عوام دوست پالیسی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ترجمانی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر کے شہری کسی بھی سرکاری محکمہ سے متعلق اپنے مسائل لے کر سرکاری دفاتر آسکتے ہیں تاکہ ان کا بروقت اور مناسب حل فراہم کیا جاسکے۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو بروقت انصاف فراہم کرنا ہے۔ تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح 10 بجے اپنے دفاتر میں موجود ہوں تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے جاسکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ عوام کے لیے کھلے رہیں گے، اور شہریوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت ناقابل برداشت ہوگی۔

Shares: