پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری نے کہا ہے کہ نوجوان نسل پاکستان کا اصل اثاثہ ہے،ملکی سیاست میں ایماندار اور محب وطن افراد ہی بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں،نوجوانوں کے قلوب واذہان سے مایوسی ختم کرنے کی ضرورت ہے ،مرکزی مسلم لیگ مایوسیوں کا خاتمہ کر رہی ہے،آئی ٹی سکلز سکھا کر نوجوانوں کو ہنر مند بنا رہے ہیں،خدمت کی سیاست کے لئے نوجوان آگے بڑھیں،دفاع پاکستان کیلئے نوجوانوں کو ہردم تیار رہنا چاہئے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،یوتھ کنونشن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،یوتھ کنونشن سے رانا محمد اشفاق و دیگر نے بھی خطاب کیا،اس موقع پر مسلم یوتھ لیگ کے صدر انجنیئر حارث ڈار ودیگر بھی موجود تھے. سیف اللہ قصوری کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ ایک نظریہ رکھتی ہے، ہم ملک میں اتحاد و اتفاق اور ٹوٹے دلوں کو جوڑنا چاہتے ہیں، اخوتوں کو پروان چڑھانا اور عوام کی ہمدردی کرنا چاہتے ہیں، ملک میںافرا تفری کسی صورت درست نہیں، کلمہ گو کا خون بہانا کسی صورت درست نہیں،اقلیتوں کو بھی پاکستانی آئین نے تحفظ دیا ہے،ہم اقلیتوں کے حقوق کے بھی محافظ ہیں، نوجوانوں کو معاشرے کا بہترین اور باکردار شہری بننا چاہیے جو نہ صرف اپنے خاندان اور علاقے بلکہ پوری قوم کا فخر ہوں، نوجوانوں کو قیام پاکستان کے اصل مقصد اور بانیان پاکستان کی قربانیوں کو سمجھنا اوران سے سبق لینا چاہیے، صرف نظریاتی وابستگی کے ذریعے ہی ہم ایک مضبوط اور متحد قوم بن سکتے ہیں، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا منشور خدمت کی سیاست ہے،دشمنوں کی سازشوں سے نوجوانوں کو بچنا چاہئے اور ملکی دفاع و سلامتی کے لئے ہر وقت تیار رہنا چاہئے، پاکستان کےتحفظ و بقا کے لئے نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے.
سیف اللہ قصوری کا مزید کہنا تھا کہ جدید دور میں آئی ٹی وہ میدان ہے جو نہ صرف معاشی خودمختاری دیتا ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر کرتا ہے، نوجوان ای کامرس، فری لانسنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے شعبوں میں مہارت حاصل کر کے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں،مرکزی مسلم لیگ صلاحیت بڑھاؤ ،اپنا کماؤ مہم کے تحت نوجوانوں کو تربیت دے رہی ہے،نوجوان منشیات جیسی لعنت سے خود کو مکمل طور پر دور رکھیں،منشیات نہ صرف ایک فرد کی زندگی تباہ کرتی ہے بلکہ پورے معاشرے کو زوال کی طرف لے جاتی ہے.