تبصرہ کتب،نونہالوں کے لیے سنہرے اذکار

0
59
azkaar

زیر تبصرہ کتاب”نونہالوں کے لیے سنہرے اذکار “ بطور خاص ننھے منے بچوں بچیوں کے لیے لکھی گئی ہے۔ اس کتاب کے مﺅلف عبدالمالک مجاہد ہیں۔ عبدالمالک مجاہد کا نام محتاج تعارف نہیں وہ دارالسلام انٹرنیشنل کے بانی ہیں اور لاتعداد وبے شمار کتابوں کے مصنف ہیں جن میں بڑی تعداد بچوں کی کتابوں کی ہے۔عبدالمالک مجاہد کہتے ہیں اس کتاب میں بچوں کے لیے نہایت ہی ضروری دعاﺅں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جو بچے بچیاں کم عمری میں ہی دعائیں اور اذکار سیکھ لیں گے اور انھیں یاد بھی کرلیں۔۔۔۔وہ دعائیں ساری زندگی ان کے کام آ ئیں گی۔دعائیں یاد کرنا اور اذکار پڑھنا سنت ہے، روحانی شفا اور مصائب وپریشانیوں سے نجات ہے۔ خود رسول اللہ ﷺ صبح وشام کے اذکار پڑھا کرتے تھے اور اپنے صحابہ کرام کو بھی اذکار یاد کرنے کی تلقین وترغیب کیا کرتے تھے۔زیر تبصرہ کتاب ’ ’نونہالوں کے لئے سنہرے اذکار “ روزہ مرہ کی اہم ترین دعاﺅں پر مشتمل ہے۔مثلاََ نیند سے بیدار ہونے کی دعا ، بیت الخلا میں داخل ہونے کی دعا ، بیت الخلا سے نکلنے کی دعا ،وضو سے پہلے کی دعا ، وضو کے بعد کی دعا ، سیرت وصورت بہتر بنانے کی دعا ، لباس پہننے کی دعا ، گھر سے نکلتے وقت کی دعا ، مسجد میں داخل ہونے کی دعا ، سلام پھیرنے کے بعد کی دعا ، مسجد سے نکلنے کی دعا ، گھر میں داخل ہوتے وقت کی دعا ، بیمار پرسی کے وقت کی دعائیں ، سیدالاستغفار ، جب بارش ہو تو کیا دعا مانگی جائے ، چاند دیکھنے کی دعا ، کھانا کھانے سے پہلے کی دعا ، کھانے سے فراغت کے بعد کی دعا ، چھینک کی دعائیں ، سواری پر بیٹھنے کی دعا ، بازار میں داخل ہونے کی دعا ، سوتے وقت کی دعا ۔

اس کتاب کی آرٹ پیپر پر 4کلر باتصور طباعت اتنی عمدہ ، دلکش ، جاذب نظر اور خوبصورت ہے کہ جو بچہ بھی اسے دیکھ لے وہ اسے پڑھے بغیر نہیں رہ سکتااس طرح سے بچے کا دل خود بخود دعائیں یاد کرنے کی طرف راغب وآمادہ ہوگا ۔کتاب کی اہم ترین خصوصیات یہ ہیں کہ تقریباََ ہر دعا کے ساتھ ضروری ہدایات بھی درج کی گئی ہیں ۔ مثلاََ بیت الخلا میں داخل ہونے والی دعا کے ساتھ بتایا گیا ہے کہ پہلے بایاں پاﺅں اندر رکھا جائے ۔دعا واش روم میں داخل ہونے سے پہلے پڑھی جائے ۔ واش روم میں باتیں نہ کی جائیں ۔ واش روم میں قبلہ کی طرف منہ کرکے نہ بیٹھا جائے ۔ خود کو پانی سے پاک کیا جائے ۔ قضائے حاجت کے بعد واش روم صاف کرنے کے لیے پانی والا لیور ضرور دبایا جائے ۔اسی طرح دیگر دعاﺅں کے ساتھ بھی ضروری ہدایات دی گئی ہیں ۔ ہر دعا کے ساتھ حدیث کی کتاب کانام اور حدیث نمبر بھی درج کیا گیا ہے ۔ یوں اس کتاب کی اہمیت اور افادیت کئی گنا بڑھ گئی ہے ۔ کتاب کی اہمیت وافادیت کو دیکھتے ہوئے یہ بات یقین سے کہی جاسکتی ہے اس کتاب کا ہر گھر میں اور ہر بچے کے پاس ہونا بے حد ضروری ہے ۔ اس کتاب کا مطالعہ نہ صرف بچوں بلکہ والدین کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔ یہ بات معلوم ہے کہ اس وقت مسلم والدین کو جو بڑے بڑے مسائل درپیش ہیں ان میں سے اہم ترین مسئلہ بچوں کی تربیت کا ہے۔ والدین بچوں کی تربیت کے حوالے سے بے حد پریشان رہتے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم وتربیت کے حوالے سے غفلت کرتے ہیں۔ بلاشبہ بچوں کی اسلامی اور اخلاقی اصولوں پر تربیت ایک اہم ترین اور سنجیدہ مسئلہ ہے۔ اس کا واحد حل یہ ہے کہ بچوں کی ابتدا ہی سے تربیت اسلامی اصولوں پر کی جائے۔نونہالوں کے لیے سنہرے اذکار سے جہاں بچوں کے لئے دعائیں یاد کرنا آسان ہے وہاں اس کتاب کے مطالعہ سے بچوں کا دین کی طرف بھی شوق بڑھے گاان شاءاللہ ۔کتاب کی قیمت 320روپے ہے یہ خوبصورت اور جاذب نظر کتاب یہ کتاب دارالسلام کے مرکزی شوروم لوئر مال نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور 042-35324034دارالسلام کراچی مین طارق روڈ 0321-7796677دارالسلام اسلام آباد مرکز ایف ایٹ051-2281513پر دستیاب ہے ۔

Leave a reply