نوری آباد:حیسکو کے چیف آپریٹنگ آفیسرکاریلیف کیمپوں کا دورہ، بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

نوری آباد (باغی ٹی وی، نامہ نگار: اللہ وسایا پالاری) حیسکو چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد روشن اوٹھو کی خصوصی ہدایات پر حیدرآباد حیسکو کے چیف آپریٹنگ آفیسر ذوالفقار علی میمن نے جامشورو ڈویژن کے مختلف علاقوں میں قائم ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایکسیئن کوٹری منیر احمد پنھور اور آپریشن سب ڈویژن جامشورو کے ممتاز علی میمن بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ذوالفقار علی میمن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف کیمپوں کے ذریعے عوام کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، تاہم اس کے بعد بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بااثر بجلی چوروں کے میٹر کاٹ دیے گئے ہیں اور ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

اس دوران ایکسیئن کوٹری منیر احمد پنھور کی نگرانی میں ایس ڈی او گل رحمان کاکڑ نے نوری آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کیے، جہاں صارفین کے واجبات میں خصوصی رعایت دی گئی۔ نصف بقایاجات معاف کرتے ہوئے باقی بل جلد از جلد جمع کرانے کی ہدایت کی گئی، بصورتِ دیگر سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا۔

ایس ڈی او گل رحمان کاکڑ نے نوری آباد لیبر کالونی سمیت مختلف کیمپوں میں اپنی ٹیم کے ساتھ شرکت کی اور صحافیوں کو بتایا کہ یہ ریلیف اسکیم 31 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسکیم کے اختتام کے بعد بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں گی۔ "بجلی چوروں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی، ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور ایف آئی آرز بھی درج ہوں گی۔”

ضلعی انتظامیہ اور حیسکو حکام کی اس کوشش کا مقصد واجبات کی وصولی کے ساتھ بجلی چوری کا سدباب اور صارفین کے لیے سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔

Comments are closed.