نوری آباد،باغی ٹی وی (نامہ نگاراللہ وسایا پالاری) نوری آباد کے قریب مقامی لوگوں کی زمینوں پر بااثر افراد کے قبضے کے خلاف علاقے کے لوگوں نے پریس کلب نوری آباد میں شدید احتجاج کیا ہے۔ احتجاج کرنے والوں میں اختیار پالاری، گل زمان پالاری، دوست علی پالاری اور دیگر شامل تھے۔
احتجاج کرنے والوں کا کہنا ہے کہ مزمل بھٹی، نبیلان بھٹی اور ایک لینڈ مافیا گروپ نے محکمہ ریونیو کے ساتھ مل کر مقامی لوگوں کی زمینوں پر جعلی لائسنس بنا کر قبضہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افراد کروڑوں روپے کی مالیت کے پتھر، کرش اور شیل غیر قانونی طور پر فروخت کر رہے ہیں اور علاقے کے جانوروں کے لیے چراگاہ کو ختم کر رہے ہیں۔
احتجاج کرنے والوں نے مزید بتایا کہ قبضہ مافیا علاقے کے لوگوں کو زمین اور پانی کے تالابوں میں آنے سے روک رہا ہے اور وہاں پر سٹون کریشر پلانٹ لگا کر ماحول کو آلودہ کر رہے ہیں۔
احتجاج کرنے والوں نے اعلیٰ عدالتوں سے اپیل کی ہے کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے اور لینڈ مافیا اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔








