امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں ایک بزنس جیٹ طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔
مقامی حکام کے مطابق حادثہ جمعرات کے روز اسٹیٹس ویل ریجنل ایئرپورٹ پر پیش آیا، جو ناسکار ٹیموں اور فورچون 500 کمپنیوں کے زیر استعمال ایک اہم علاقائی ہوائی اڈہ ہے،آئیریڈیل کاؤنٹی کے شیرف ڈیرن کیمبل نے میڈیا سے گفتگو میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں، تاہم انہوں نے ہلاک ہونے والوں کی حتمی تعداد بتانے سے گریز کیا کہاکہ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کردی گئیں۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق سیسنا سی 550 طیارہ صبح 10 بجے کے کچھ دیر بعد اسٹیٹس ویل ریجنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران رن وے کے اختتامی حصے پر کریش ہوا-
ایئرپورٹ ڈائریکٹر جان فرگوسن نے بتایا کہ حادثہ رن وے کے آخری حصے میں پیش آیا، جس کے باعث طیارہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا، حاد ثے کے بعد ایئرپورٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے رن وے پر پھیلے ملبے کو ہٹانے اور حفاظتی جانچ مکمل کرنے میں وقت لگے گا، جس کے بعد ہی پروازوں کی بحالی ممکن ہوسکے گی۔
حادثے کے وقت موسم ابر آلود تھا اور ہلکی بوندا باندی بھی جاری تھی، جس کی تصدیق موسمیاتی ادارے نے کی ہے فائر بریگیڈ اور دیگر ریسکیو ادارے فوری طور پر رن وے پر پہنچے، جبکہ طیارے کے ملبے کے قریب آگ کے شعلے بلند ہوتے رہے،حادثے کی تحقیقات نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) اور ایف اے اے مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی حادثے کی اصل وجوہات سامنے آئیں گی۔








