شمالی وزیرستان: پاک فوج کے زیرِ اہتمام کے پی 20 ہارڈ بال کرکٹ لیگ کا شاندار فائنل میچ آج یونس خان اسٹیڈیم، میرانشاہ میں منعقد ہوا۔ فائنل میں باجوڑ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی تھے۔ اس موقع پر سینئر فوجی افسران، ضلعی انتظامیہ، علاقائی مشران اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے میچ کا بھرپور لطف اٹھایا اور اپنی پسندیدہ ٹیموں کو جوش و خروش کے ساتھ سپورٹ کیا۔میچ کے دوران طلباء نے مختلف کرتب کے شاندار مظاہرے پیش کیے، جنہوں نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ مہمان خصوصی نے ٹیموں اور پرفارم کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے اور کھلاڑیوں کے جذبے، نظم و ضبط اور کھیل کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی۔عوام نے کھیلوں کے اس شاندار انعقاد پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس طرح کے مقابلے نوجوانوں میں مثبت رجحانات کے فروغ اور علاقائی ہم آہنگی کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔اس کرکٹ لیگ میں کے پی کی کل 16 ٹیموں نے حصہ لیا اور مقابلے دو ہفتے تک جاری رہے، جس میں شائقین کرکٹ کے لئے دلچسپ اور سنسنی خیز لمحات دیکھنے کو ملے۔











