میران شاہ: شمالی وزیرستان میں فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میران شاہ کے علاقے ٹول خیل میں فریقین کے مابین فائرنگ کے درمیان پانچ ہلاکتیں ہوئی ہیں، ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاشوں کو میرانشاہ ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعہ زمین کا تنازع بتایا جارہا ہے۔

ادھرسندھ ہائی کورٹ کی جانب سے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) کو کیماڑی میں ہونے والی 18 اموات کا کیس درج کرکے تحقیقات کرنے کے حکم کے بعد پولیس نے 10 ایف آئی آرز درج کرلیں۔ اس کے علاوہ مبینہ طور پر زہریلی گیس خارج کرنے والی 5 فیکٹریوں کو سیل کردیا اور عدالت سے متاثرین کی قبر کشائی کی اجازت دینے کی درخواست کردی۔

تفتیش کاروں نے ڈان کو بتایا کہ آئی جی نے ڈی آئی جی جنوبی عرفان علی بلوچ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی ہے جو ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق معاملے کی تحقیقات کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کے ورثا کی شکایات پر علی محمد گوٹھ اور اس کے آس پاس کے علاقے میں کام کرنے والی فیکٹریوں اور صنعتی یونٹس کے مالکان کے خلاف 10 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

شکایت گزاروں خادم حسین، میر حسن، شکور احمد، محمد حسن، شبیر احمد، عبدالوہاب، ریاض احمد، وزیر احمد اور غلام قادر نے موچکو پولیس تھانے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 322، 384 اور 34 کے تحت مقدمات درج کرائے۔

Shares: