نوشکی: بلوچستان کے شہر نوشکی میں ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور سول انتظامیہ کے تعاون سے ایک شاندار جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے موٹر اسپورٹس کے ماہرین اور شائقین نے بھرپور شرکت کی۔ یہ ایونٹ نہ صرف ایک مہم جوئی کا موقع تھا بلکہ اس میں بلوچستان کی ثقافت اور سیاحت کو بھی اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی۔

ریلی کے دوران مختلف ثقافتی اور کھیلوں کے مقابلے بھی شامل کیے گئے جن میں کیمل ریس، نیزہ بازی، بلوچی چاپ اور بچوں کے لیے تفریحی مقابلے شامل تھے۔ ان سرگرمیوں نے ایونٹ کو مزید رنگین اور دلچسپ بنایا۔ اس شاندار ایونٹ کا افتتاح بلوچستان اسمبلی کے ممبر، ایم پی اے روی پاھوجھا نے کیا، جنہوں نے ریلی کے آغاز کے وقت کیرئیر اور اس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ریلی میں عسکری اور سول حکام، قبائلی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایونٹ کے دوران، ماہر جیپ ڈرائیورز نے صحرائی راستوں پر اپنی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا، جس سے نہ صرف مقامی نوجوانوں کو موٹر اسپورٹس میں دلچسپی بڑھانے کا موقع ملا، بلکہ بلوچستان کے قدرتی حسن اور قدرتی راستوں کا بھی بھرپور تذکرہ ہوا۔

اس ایونٹ کا مقصد بلوچستان میں سیاحت کو فروغ دینا، کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور صوبے کے امن و استحکام کو دنیا کے سامنے لانا تھا۔ ریلی کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسرز کو انعامات سے نوازا گیا۔ شرکاء نے اس ایونٹ کے انعقاد کی تعریف کی اور مزید ایسے مقابلوں کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی۔نوشکی گولڈن ڈیزرٹ جیپ ریلی بلوچستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی، جس نے نہ صرف اس علاقے کی سیاحتی اہمیت کو اجاگر کیا بلکہ کھیلوں کے شعبے میں بھی بلوچستان کے نوجوانوں کو ایک نیا راستہ دکھایا۔

Shares: