بلوچستان کے ضلع نوشکی سے ایک افسوسناک واقعہ رپورٹ ہوا ہے جس میں مسلح افراد نے زرین جنگل لیویز چیک پوسٹ اور گنداری ڈیم کی تعمیراتی کیمپ سے چھ افراد کو اغواء کر لیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اغواء ہونے والے افراد کا تعلق کوئٹہ اور خیبر پختونخوا سے ہے۔
لیویز ذرائع نے بتایا کہ اغواء کے بعد مسلح افراد نے تعمیراتی سائٹ پر کیمپ کو بھی آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں کیمپ میں موجود سامان کو نقصان پہنچا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے کے دوران کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا لیکن کیمپ اور اس کے اطراف کے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی۔
ڈی جی لیویز بلوچستان نصیب اللہ کاکڑ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے تفتیشی ٹیم روانہ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیویز فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اغواء کیے گئے افراد کی بازیابی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔علاقے میں اس وقت سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور تمام ممکنہ راستوں پر چیکنگ کی جا رہی ہے۔ اغواء کیے گئے افراد کے خاندانوں نے حکام سے فوری بازیابی کی اپیل کی ہے بلوچستان میں اس نوعیت کے واقعات حالیہ مہینوں میں بڑھ گئے ہیں، جہاں دہشت گرد گروہ اور مسلح تنظیمیں سکیورٹی فورسز اور مقامی افراد کو نشانہ بنا رہی ہیں۔