میرپورخاص (باغی ٹی وی، سید شاہزیب شاہ) نیشنل پریس کلب میرپورخاص کی میڈیا ٹیم نے گورنمنٹ رابعہ بصری گرلز ہائی اسکول کے امتحانی مرکز کا دورہ کیا، جہاں نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات جاری تھے۔ طالبات پرامن انداز میں پیپر حل کرتی دکھائی دیں۔
میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام دسویں جماعت کا پانچواں پیپر پرسکون ماحول میں ہوا۔ امتحانی مراکز میں موبائل فونز اور الیکٹرانک ڈیوائسز پر سخت پابندی عائد تھی، اور طالبات نگران عملے کی نگرانی میں امتحان دیتی رہیں۔ میرپورخاص تعلیمی بورڈ کی ٹیم نے بھی مرکز کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر علی خان ناریجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات پرامن انداز میں جاری ہیں، کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، اور طالبات بغیر نقل کے پیپر حل کر رہی ہیں۔ اسکول کی پرنسپل میڈم رضوانہ پروین نے بتایا کہ مرکز میں 226 طالبات امتحان دے رہی ہیں، جن میں سے 3 غیر حاضر اور 223 شریک ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شناخت کی تصدیق کے لیے سلپ چیک کی جاتی ہے، اور کسی بھی مشکوک طالبہ کو فوری گھر بھیج دیا جاتا ہے۔ امتحانی مرکز میں موبائل فونز اور الیکٹرانک ڈیوائسز پر مکمل پابندی ہے۔