وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پنجاب کے عوام کی خدمت سے فرصت نہیں مل رہی، اور یہ مذاکرات کا بخار بھی خود آپ لوگوں کو ہی چڑھا تھا۔
ان کا یہ بیان پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف کے بیان پر ردِ عمل کے طور پر سامنے آیا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا ذکر کیے بغیر آج بھی آپ کی سیاست نامکمل ہے۔ ان کے مطابق، تحریکِ انصاف کا سرٹیفائیڈ کرپٹ لیڈر اور ان کا خاندان این آر او کے لیے دروازے تلاش کر رہا ہے۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی کو نواز شریف نے نہیں کہا تھا کہ وہ 9 مئی اور 26 نومبر کی بغاوتوں میں ملوث ہوں، اور نہ ہی وہ ان واقعات میں ملوث تھے۔عظمیٰ بخاری نے یہ الزام عائد کیا کہ 9 مئی کے دہشت گرد اور توشہ خانہ کے چور این آر او کے لیے چور دروازوں کی تلاش میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سب کا مقصد صرف این آر او حاصل کرنا ہے، اور ان کی یہ کوششیں بے نقاب ہوچکی ہیں۔
یاد رہے کہ مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا، بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز مذاکرات کی ناکامی کے مشن میں کامیاب ہو گئے ہیں، اور نواز شریف نے عرفان صدیقی کو مذاکرات کی ناکامی کا ہدف دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عرفان صدیقی اور رانا ثناء اللّٰہ کے بیانات سے حکومت کی غیر سنجیدگی ظاہر ہو گئی ہے، اور جوڈیشل کمیشن نہ بنانے کا فیصلہ بھی اس بات کا غماز ہے کہ "چور کی داڑھی میں تنکا” ہے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیل پر اعتراض
وزیراعلیٰ پنجاب کا غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے سدباب کیلئے اقدامات کا اعلان