ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں مضر صحت گوشت کی ترسیل کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر ڈپٹی ڈائریکٹر کی سربراہی میں ٹیموں نے سیم بچیانہ روڈ پر بڑی کارروائی کی، جس دوران LRJ-98 نمبر گاڑی کو چیک کیا گیا۔

سینئر ویٹرنری اسپیشلسٹ نے موقع پر گوشت کا معائنہ کیا اور اسے انسانی استعمال کے لیے غیر موزوں قرار دیا۔ کارروائی کے دوران 250 کلو مضر صحت گوشت تلف کر دیا گیا، گاڑی پولیس کے حوالے کر دی گئی اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔

معائنے کے دوران انتہائی لازم مہریں اور دیگر اہم دستاویزات بھی موجود نہ تھیں جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گوشت کو گاڑی کی ڈگی میں چھپایا گیا تھا۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ گوشت ننکانہ صاحب شہر میں فروخت کیا جانا تھا۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ خوراک کے نام پر جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خوراک کے انتخاب میں محتاط رہیں اور مشکوک معاملات کی اطلاع 1223 پر دیں۔

Shares: