ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) خوراک میں ملاوٹ کی روک تھام، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں تیز
تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر ضلع بھر میں فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق، فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے 1 ہزار 870 سے زائد فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ اس دوران، خوراک کے معیار اور صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سخت کارروائیاں کی گئیں۔
اہم کارروائیاں:
8 یونٹس سیل: ناقص اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر 8 فوڈ یونٹس کو سیل کر دیا گیا۔
10 لاکھ 49 ہزار کے جرمانے: 155 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کو مجموعی طور پر 10 لاکھ 49 ہزار روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
4 مقدمات درج: قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 4 مقدمات درج کیے گئے۔
بڑی مقدار میں اشیاء تلف: 170 لیٹر غیر معیاری دودھ، 180 کلو ناقص گوشت، 150 کلو ناقص مربہ، اور 2 من سے زائد بیکری آئٹمز، گھی اور دیگر ممنوعہ اشیاء کو تلف کیا گیا۔
24 سیمپل لیے گئے: مختلف اشیاء کے 24 سیمپلز تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیجے گئے۔
فوڈ اتھارٹی کے افسران کا کہنا ہے کہ جو یونٹس پہلے دی گئی ہدایات پر عمل نہیں کر رہے تھے، ان کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد شہریوں کو صاف ستھری اور معیاری خوراک فراہم کرنا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خوراک میں ملاوٹ یا جعلسازی کی کسی بھی اطلاع پر فوری طور پر 1223 پر رابطہ کریں۔







