اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بھارتی حملوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی مکمل تفصیلات پر مبنی رپورٹ کی تیاری کی ہدایت دے دی ہے، جس کا مقصد ملکی اور بین الاقوامی اداروں کو حقیقی صورت حال سے آگاہ کرنا اور بحالی کے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم سیکرٹریٹ کی جانب سے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں کو باضابطہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی جامع رپورٹ تیار کرکے مرکز کو ارسال کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان رپورٹس کی تیاری کا عمل ضلعی ڈپٹی کمشنروں کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا۔ رپورٹ میں سول انفرااسٹرکچر، رہائشی مکانات، تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور دیگر عوامی املاک کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیل شامل کی جائے گی۔اس کے ساتھ ساتھ، انسانی جانوں کے ضیاع، زخمیوں کی تعداد اور متاثرہ خاندانوں کی صورتحال کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا تاکہ ایک مکمل اور حقیقت پر مبنی دستاویز تشکیل دی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق یہ رپورٹ قومی و بین الاقوامی اداروں کو پیش کی جائے گی تاکہ نہ صرف عالمی برادری کو بھارتی حملوں کی سنگینی سے آگاہ کیا جا سکے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں کی بحالی و تعمیر نو کے لیے مناسب منصوبہ بندی بھی کی جا سکے۔حکومتی سطح پر یہ اقدام ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جس کا مقصد متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنا ہے۔








