سیالکوٹ (باغی ٹی وی ڈویژنل بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ میں گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ میموریل ہسپتال کے گرلز ہاسٹل کے باہر نرسنگ کی طالبات نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی نئی پالیسی کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ طالبات کا مطالبہ ہے کہ ایچ ای سی نے نرسنگ کے پاسنگ مارکس 50 فیصد سے بڑھا کر اچانک 60 فیصد کر دیے ہیں، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

طالبات کا کہنا ہے کہ ایچ ای سی نے یہ پالیسی امتحانات کے بعد راتوں رات تبدیل کی ہے اور اس نئی پالیسی کے تحت فیل ہونے والی طالبات سے دوبارہ امتحانات دینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ فیل ہونے کی صورت میں ڈراپ آؤٹ کی پالیسی ان کی 13 سالہ تعلیمی محنت کو رائیگاں کر دے گی۔

ہسپتال کے پرنسپل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر ایچ ای سی کی نئی پالیسی کی کوئی ٹھوس توجیہ (جسٹفیکیشن) موجود ہو گی تو وہ اس پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔ تاہم، طالبات نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

Shares: