باغی ٹی وی:(محمد طلال سے) شیخوپورہ نیوٹریشن انٹرنیشنل نے محکمہ صحت شیخوپورہ کے اشتراک سے "خوردنی تیل کی فورٹیفیکیشن کے فوائد, پاکستان میں وٹامن اے اور ڈی کی کمی, کھلے اور غیر صاف شدہ تیل کے استعمال اور صحت پر اسکے منفی اثرات” کے بارے میں ایک آگاہی سیشن کا اہتمام کیا۔ اس آگاہی پروگرام میں شیخوپورہ کی مختلف یونین کونسلز سے لیڈی ہیلتھ سپروائزرز/ورکرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر فوڈ فورٹیفیکییشن پروگرام کی زونل مینیجر نصرت پروین نے فورٹیفیکیشن پروگرام اور وٹامن اے اور ڈی کی کمی کو پورا کرنے میں فورٹیفیکیشن کے کردار کے حوالہ سے شرکاء کو آگاہی دی۔ انہوں نے شرکاء کے ساتھ گفتگو کرتے ہوے کہا کہ پاکستان میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچوں کی آبادی مائیکرونیوٹرینٹس کی کمی کا شکار ہیں جس میں آئرن وٹامن اے اور وٹامن ڈی سرِفہرست ہیں ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں تقریبًا 9.9 ملین (99 لاکھ) لوگ ہڈیوں کے بھربھرےپن کا شکار ہیں جن میں 7.2 ملین (72 لاکھ) تعداد خواتین کی ہے۔ مزید یہ کہ خوراک میں ضروری غذائی اجزاء کی کمی کو پورا کرنے کے لیے فورٹیفیکیشن ایک آسان اور قابلِ عمل طریقہ کار ہے۔ جوکہ وٹامنز اور منرلز کی موجودگی کو کم سے کم لاگت سے ممکن بناتا ہے۔ اور یہ کہ لوگوں کی غذائی عادات کو تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ اس موقع پر زونل مینجر مدثر اقبال نے کھلے اور غیر صاف شدہ تیل کے استعمال سے صحت پر ہونے والے منفی اثرات کے حوالہ سے آگاہی دی۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ کھلے اور غیر صاف شدہ تیل کا استعمال دل اور جگر کی جملہ امراض کے ساتھ ساتھ کینسر جیسی خطرناک بیماری کا باعث بنتا ہے۔ڈاکٹر عبدالناصر ٹوانہ ڈی سی IRMNCH محکمہ صحت نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوۓ فوڈ فورٹیفیکیشن کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ضروری غذائی اجزاء کی اہمیت اور انکی کمی کی وجہ سے ہونے والے ذہنی اور جسمانی نقصانات سے آگاہ کیا۔ ڈی سی IRMNCH نے لیڈی ہیلتھ سپروائزرز/ورکرز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ لوگوں کو فورٹیفائیڈ خوردنی تیل استعمال کرنے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہا۔

کی طرف سے پوسٹ کیا گیاڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں