لاہور: 3 ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کی میزبان پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے-
باغی ٹی وی: قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،اور نیوزی لینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 187رنز بنا لیے ہیں،نیوزی لینڈ کی جانب سے ول ینگ اور رچن رویندرا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ول ینگ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا جبکہ 39 کے مجموعے پر ابرار احمد نے رچن رویندرا کو آؤٹ کر دیا۔
بعد ازاں 134 کے مجموعی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی نے کین ولیمسن کو 58 رنز پر آؤٹ کر دیا،اور ٹام لیتھم کوئی بھی اسکور بنائے بغیر حارث روؤٍ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے-
قبل ازیں قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان مچل سینٹنر کہا کہ چیمپئینز ٹرافی سے قبل ٹرائنگولر سیریز تیاریوں کا بہترین موقع ہے، کوشش ہوگی فتحیاب ہوں، انھوں نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر پاکستانی ٹیم کے خلاف میچ اہم ہوگا، فخر زمان ایسے کرکٹر ہیں جنہیں ہدف بنانا ہوگا، وہ میچ کا رخ تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ہمارے پاس اچھے فاسٹ بولر موجود ہیں اور ہمارا ایونٹ میں پہلا میچ میزبان ملک پاکستان کے خلاف ہے جو نہایت اہم ہے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہم اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کے لیے پْرجوش ہیں ، چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اعتماد بڑھانا چاہتی ہے۔
پاکستانی اسکواڈ
ٹیم میں فخر زمان، بابر اعظم،کامران غلام، محمد رضوان، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابراراحمد شامل ہیں۔