امیگریشن نیوزی لینڈ (INZ) نے اعلان کیا ہے کہ یکم جنوری 2026 سے دنیا کے 26 ممالک میں نیو زی لینڈ ویزا ایپلی کیشن سینٹرز (VAC) کی سروس فیس میں اضافہ کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق یہ اضافہ بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات اور مہنگائی کے باعث کیا جا رہا ہے، تاہم اصل ویزا فیس، جو براہِ راست امیگریشن نیو زی لینڈ کو ادا کی جاتی ہے، اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی،ویزا ایپلی کیشن سینٹرز کی سروس فیس میں یہ ایڈجسٹمنٹ حالیہ سسٹم اپ گریڈز کے بعد ہموار آپریشنز کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری تھی۔ VAC سروس فیس کے تحت دستاویزات کی وصولی، درخواستوں کی پراسیسنگ میں معاونت اور کسٹمر سپورٹ جیسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، جو عموماً وی ایف ایس گلوبل (VFS Global) جیسے ادارے انجام دیتے ہیں۔

حکام نے ویزا کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی ہے کہ درخواست جمع کرانے سے قبل اپنے ملک کے لیے لاگو نئی سروس فیس ضرور چیک کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔

امیگریشن نیو زی لینڈ کے مطابق یہ اضافہ ایشیا، پیسفک، یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کے متعدد ممالک میں نافذ ہوگا جن نمایاں ممالک میں سروس فیس میں اضافہ کیا جا رہا ہے ان میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، امریکا، آسٹریلیا، جاپان، جنوبی کوریا، فلپائن، انڈونیشیا، ایران، تھائی لینڈ، ترکی، سنگاپور، ہانگ کانگ، ویتنام اور جنوبی افریقہ ،فجی، ساموا، سلیمان آئی لینڈز، پاپوا نیو گنی اور وانواتو بھی فہرست میں شامل ہیں۔

دوسری جانب امیگریشن نیو زی لینڈ نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ آن لائن دستاویزات تک رسائی میں وقتی تکنیکی مسائل درپیش ہیں، جنہیں دور کرنے کے لیے متعلقہ ٹیمیں کام کر رہی ہیں، نیو زی لینڈ ویزا کے خواہشمند مسافر INZ یا VFS گلوبل کی ویب سائٹس سے تازہ فیس معلومات حاصل کریں، اضافی وقت کو مدنظر رکھیں اور پیشگی منصوبہ بندی کے ذریعے ممکنہ تاخیر سے بچنے کی کوشش کریں۔

Shares: