میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)اوباڑو میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں، اوباڑو پولیس نے گاؤں سونو سیال میں نئےشادی شدہ جوڑے ثناء سیال اور ظفر سیال کو اغوا کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ پولیس اہلکاروں نے تین گاڑیوں پر سوار ہو کر جوڑے کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔
گاؤں والوں نے جب پولیس کی اس حرکت پر مزاحمت کی تو پولیس نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ شادی شدہ خاتون ثناء سیال کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے والدین کی مرضی سے ظفر سیال کے ساتھ شادی کی ہے اور بااثر پولیس افسر امداد مہر کی مدد سے انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی ہے۔
ویڈیو دیکھنے کیلئے دی گئی لنک پر کلک کریں
https://x.com/BaaghiTV/status/1833574414245589294
اس واقعے کے بعد سیال برادری نے ایس ایس پی گھوٹکی کے دفتر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے پولیس کی زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھائی۔
ایس ایس پی گھوٹکی نے احتجاج کرنے والوں سے بات چیت کر کے انصاف کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد احتجاج ختم ہوا۔ تاہم، اس واقعے نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔