جنوبی پنجاب میں کپاس کی فصل پر سبز تیلہ اورگلابی سنڈی کا حملہ شدت اختیار کرگیا

جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات کے استعمال سے بیماری کنٹرول سے باہر،محکمہ زراعت کوالٹی اینڈ پیسٹ کنٹرول سکون کی نیند سونے لگا

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)جنوبی پنجاب میں کپاس کی فصل پر سبز تیلہ اورگلابی سنڈی کا حملہ شدت اختیار کرگیا،جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات کے استعمال سے بیماری کنٹرول سے باہر،محکمہ زراعت کوالٹی اینڈ پیسٹ کنٹرول سکون کی نیند سونے لگا،کپاس کی فصل متاثر ہونے پر کاشتکار پریشان،فصلوں کو بیماریوں سے بچانا محال ہو گیا، زرعی ادویات استعمال کرنے کے باوجود نتیجہ صفر، فصلیں تباہی کے دہانے پر پہنچ گئیں

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف وگردونواح میں کپاس کی فصل پر سبز تیلے وگلابی سنڈی کے حملوں کے بعد اب تھریپس کے حملے میں شدت سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس سے کپاس کے پیداواری ہدف کا حصول ممکن ہوتا دکھائی نہیں دے رہا جس سے کاشتکاروں کے مالی نقصان کے ساتھ ملکی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے کاشتکاروں کے مطابق کپاس کی فصل اہم مرحلے سے گزر رہی ہے اور کپاس کی فصل پر بیماریوں کے حملے سے نمٹنے کیلئے محکمہ زراعت کی جانب سے ان کی کوئی بھی رہنمائی نہیں کی جا رہی اور بار بار سپرے کرنے کے بعد بھی فصل ٹھیک ہونے کی بجائے خراب ہو رہی ہے۔

دوسری جانب ناقص سپرے کی وجہ سے بھی کاشتکار شدید پریشانی سے دوچار ہیں، کاشتکار کہتے ہیں کہ محکمہ زراعت کے عملے کی ملی بھگت سے غیر معیاری زرعی ادویات کی فروخت جاری ہے – ایک طرف بیماریوں کا حملہ اور دوسری طرف غیر معیاری زرعی ادویات کے استعمال نے ان کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے –

کاشتکاروں نے مطالنہ کیا ہے کہ محکمہ زراعت کے افسران غیر معیاری زرعی ادویات کے خلاف آپریشن میں تیزی لائیں اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو کڑی سزا دیں تاکہ آئندہ کوئی اس مکروہ کاروبار کے ذریعے کاشتکاروں کو مزید نہ لوٹ سکے

کاشتکاروں نے وزیر اعلی پنجاب اور نگران وزیر اعظم پاکستان سے کاشتکار تنظیموں نے جعلی زرعی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر پر کاعروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے

Leave a reply