اوچ شریف:بنک منیجر نے چیک پر جعلی انگوٹھے لگا کر سادہ لوح صارف کو 20 ہزار روپے سے محروم کر دیا

اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نجی بنک منیجر نے چیک پر جعلی انگوٹھے لگا کر سادہ لوح صارف کو بیس ہزار روپے سے محروم کر دیا، شکایت کرنے پر عملے نے دھکے دے کر بنک سے باہر نکال دیا،

تفصیلات کے مطابق محلہ شمس کالونی اوچ شریف کے غریب محنت کش عبدالمجید ولد غازی خان بلوچ نے میڈیا کو بتایا کہ میں ریڑھی وغیرہ لگا کر اپنا اور اپنے اہل و عیال کا پیٹ پالتا ہوں، میرا اکاؤنٹ نمبری 0010119583540011 ABPAالائیڈ بنک اوچ گیلانی برانچ میں موجود ہے،

عبدالمجید نے کہا کہ ان پڑھ ہونے کی وجہ سے سائل کا فوٹو اکاؤنٹ تھا اور بنک منیجر کے روبرو چیک پر انگوٹھا ثبت کرتا تھا، جس پر منیجر چیک تحریر کرتے، انہوں نے کہا کہ یکم نومبر 2023ء کو سائل نے جمع پونجی کر کے اپنے اکاؤنٹ میں ایک لاکھ روپے جمع کروائے تھے، اور اپنے علاج معالجہ کے لیے مختلف اوقات میں صرف 80 ہزار روپے کیش کروائے لیکن جب بنک سے پتہ کیا تو معلوم ہوا کہ میرے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ روپے نکلوائے جا چکے ہیں، میرے ساتھ بنک والوں نے دھوکا کیا ہے،

انہوں نے کہا کہ 14 فروری کو میں پانچ ہزار روپے کا چیک کیش کرانے کے لیے بنک گیا تو مجھے کہا گیا کہ اکاؤنٹ خالی ہے، انہوں نے کہا کہ میرے شور و واویلہ پر بنک منیجر نے مجھے چیک بک لے کر آنے کا کہا، اور اسی وقت چیک بک کی دو خالی رسیدوں پر سرخ پنسل سے 15 دسمبر 2023 کو 15 ہزار اور 6 فروری 2024 کو پانچ ہزار روپے لکھ کر مجھے دھکے دے کر بنک سے نکال دیا، عبدالمجید نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے

Leave a reply