اوچ شریف:ورلڈ بینک ٹف ٹائل منصوبہ،ٹھیکیدار کرپشن اور نااہلی چھپانے کیلئے سرگرم

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) ورلڈ بینک ٹف ٹائل منصوبہ،ٹھیکیدار کرپشن اور نااہلی چھپانے کیلئے سرگرم، ٹف ٹائل اکھاڑ کر گڑھوں میں ریت بھر دی، پورے منصوبے میں ٹف ٹائل کے نیچے مٹی کچرا بھرنے کے باعث منصوبہ ناکام، کئی جگہوں پر کام بھی ادھورا چھوڑ دیا گیا، ٹھیکیدار اور محکمے کے ذمہ داران کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن کارروائی کرے، اہلیان علاقہ کا مطالبہ،

تفصیل کے مطابق اوچ شریف میں عالمی شہرت یافتہ مقبرہ بی بی جیوندی و دیگر تاریخی مزارات تک رسائی کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے بی بی جیوندی کمپلیکس شاہراہ بنانے کیلئے ورلڈ بینک نے میگا پراجیکٹ منظور کرتے ہوئے ٹھیکہ جاری کر دیا اس منصوبے میں شفافیت کیلئے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب سمیت دیگر اداروں کو ذمہ داری سونپی گئی منصوبے میں ٹھیکیدار نے بھاری کرپشن کرنے کیلئے بدنیتی کرتے ہوئے ردو بدل کر دیا اور سابقہ میٹل روڈ کو اکھاڑ کر کنکریٹ روڈ بنانے کیلئے نشانات لگانے کے کچھ ہی عرصہ بعد پرانی سڑک کا ملبہ اٹھا کر لے گئے اور گلیوں کا کچرا اور پرانی اینٹوں ملا ملبہ سڑک پر ڈال کر ناقص سب بیس تیار کر دی جسے آٹھ ماہ تک شہریوں کو اذیت میں مبتلا کرنے کیلئے یونہی چھوڑ دیا گیا

گزشتہ ماہ اسی سڑک پر ایک فٹ سے زیادہ ریت بچھا کر ٹف ٹائل بچھا دی گئی جو ایک ہفتے میں ہی ٹریفک گزرنے سے کئی جگہوں سے بیٹھ گئی اور بارش ٹف ٹائلوں کو بہا کر لے گئی، جس پر شہریوں کے احتجاج کے نتیجے میں ٹف ٹائل اکھاڑ کر دوبارہ ریت ڈال کر ناقص سڑک بنا دی گئی، جو کچھ دنوں بعد جگہ جگہ سے بیٹھ گئی اور گڑھے پڑ گئے جس کے خلاف شہریوں نے سیٹیزن پورٹل سمیت دیگر اداروں کو تحریری درخواستیں ارسال کیں

گزشتہ روز ٹھیکیدار کی طرف سے کرپشن اور نااہلی چھپانے کیلئے تیسری مرتبہ گڑھوں کو ریت ڈال کر بھرنے کا کام جاری ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیٹیزن پورٹل سمیت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو تحریری درخواستیں ارسال کرنے کے باوجود تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی جبکہ ٹھیکیدار نہایت ڈھٹائی سے غیر معیاری کام کرنے میں مصروف ہے

شہریوں نے چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے

Leave a reply