اوچ شریف : کھیلوں کے فروغ کیلئے مقامی سطح پر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) کھیلوں کے فروغ کیلئے مقامی سطح پر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی سے ہماری نئی نسل فضول سرگرمیوں سے محفوظ رہے گی، پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کیلئے گراس روٹ لیول تک کام کیا، اقتدار میں آ کر سٹیڈیم کی تعمیر اولین ترجیح ہوگی ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 250 سید عامر علی شاہ نے نواحی قصبہ طاہر والی میں شروع ہونے والے سپر لیگ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے دوران تعارفی اجلاس میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا

انہوں نے کہا کہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں سپر لیگ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں سردار عامر غنی لنگاہ ایڈووکیٹ ،سردار مشتاق احمد خان لنگاہ ایڈووکیٹ،محمد سلیم خان لنگاہ، توقیر خان لنگاہ،، شکیل خان سمیت دیگر مہمانوں نے شرکت کی، ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں گھوٹیا الیون اور خان الیون چنی گوٹھ کی ٹیموں نے کھیل کا آغاز کیا، خان الیون چنی گوٹھ نے ٹاس جیت کر گھوٹیہ الیون کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی دس اوور کے کھیل میں گھوٹیہ الیون نے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ کا آغاز کرتے ہوئے 106 رنز بنا کر مدمقابل ٹیم کو 107 رنز کا ہدف دیا جبکہ سب سے زیادہ سکور بنانے کا اعزاز گھوٹیہ الیون کے کھلاڑی ملک فراز رڈ نے 46 رنز بنا کر اپنے نام کیا،

ان کے مقابلے میں خان الیون کی پوری ٹیم 52 سکور بنا کر آؤٹ ہوگئی یوں یہ میچ گھوٹیہ الیون چنی گوٹھ نے 54 رنز کی برتری سے جیت لیا، نوجوان کھلاڑی ملک فراز رڈ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا اس موقع پر شائقین کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کیلئے میدان کے اطراف موجود تھی جو کھلاڑیوں کا جوش بڑھاتے رہے

Leave a reply