اوچ شریف : شہر میں مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت کا انکشاف

اوچ شریف باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف شہر میں مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت، اکثر ہوٹلوں و دکانوں میں سپلائی سمیت مختلف نوعیت کی بے ضابطگیوں کے انکشافات نے محکمہ لائیو سٹاک کی کار کردگی کا پول کھول دیا،
ذرائع کے مطابق سے میڈیا کو موصول ایک سورس رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ شہر میں مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت میں ملوث مافیا کے افراد دیہی علاقوں سے لاغر، بیمار اور مردہ جانور اور اسی طرح پولٹری شیڈ سے مردہ مرغیاں لاکر اوچ شریف شہر وگردونواح علاقوں حلیم پور خیر پور ڈاہا نلکا اڈا بیٹ بخیتاری چوک بھٹہ سمیت مختلف مقامات اور رات کے اوقات میں ہی گوشت ٹکڑوں میں تقسیم کر کے ہوٹلوں اور دوکانوں میں سپلائی کیا جا رہا ہے ،

جہاں قصاب انسانی جانوں سے کھیلنے کا مکروہ دھندے میں ملوث ہوٹل مالکان کو ناقص اور مضر صحت گوشت ہڈیوں سمیت تین سو روپے فی کلو اور ہڈی کے بغیر چار سو روپے فی کلو سپلائی کرتے ہیں اور ہوٹل مالکان ناقص گوشت کو مرچ مصالحوں اور ممنوعہ چائنیز نمک سے چٹخارے دار بنا کر شہریوں کو خطرناک بیماریوں میں مبتلا کر رہے ہیں،

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اہلکار کارکردگی دکھانے کیلئے فرضی کارروائیاں کرتے ہیں لیکن ان ہوٹل مالکان کے خلاف کبھی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی،جبکہ ان ہوٹلوں پر گندے اور غلیظ برتنوں کو ایک ہی جگہ پر بار بار دھو کر خطرناک بیماریوں میں مبتلا افراد کی بیماریوں کو صحت مند افراد میں پھیلایاجا رہا ہے

شہریوں نے ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی پنجاب، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے

Leave a reply