اوچ شریف :ای سگریٹ،عام سگریٹ سے کئی گنا زیادہ خطرناک ہے-ڈاکٹر محمد ارشد رانا
اوچ شریف،باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان )سگریٹ نوشی خطرناک ہے مگر Vape ( الیکٹرانک سگریٹ) عام سگریٹ سے بھی کئی گنا زیادہ خطرناک ہے سینٹر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد ارشد رانا
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف رورول ہیلتھ سینٹر کے انچارج ڈاکٹر محمد ارشد رانا نے پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا مریض کو چیک کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل سمیت بچوں میں Vape (الیکٹرانک سگریٹ)سگریٹ نوشی میں مبتلا ہورہی ہے، سکولز و کالجز میں زیر تعلیم طلبہ سگریٹ کا شوق پورا کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں،
اس طرح وقت گزرنے کے ساتھ سگریٹ کے نشے کے عادی بن جاتے ہیں ، جبکہ اس لعنت سے ہنر مند اور مزدور طبقہ بھی محفوظ نہیں بلکہ اس لعنت کو فیشن کی طرح اپنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آجکل چھوٹی عمر کے بچے صرف شو بازی اور TikTok , فیس بک پر ویوز لینے کے لیے ہی اس Vape ( الیکٹرانک سگریٹ) کا بے دریغ استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں جو بعد میں ان کی مستقل عادت بن جاتی ہے ۔جو ان کے لیے انتہائی خطر ناک ثابت ہوتا ہے ۔
جوانی میں ہی ان کے پھیپھڑے ختم ہو جاتے ہیں اور وہ موت کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ نئی نسل خصوصاً ان کے والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنی نسلوں کو اس کا شکار ہوکر برباد ہونے سے بچائیں ۔ حکومت وقت کو بھی اس کے خلاف ایکشن لینا چاہیے
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غفلت ولا پرواہی کیوجہ سے دکاندار دیدہ دلیری کے ساتھ چھوٹے چھوٹے بچوں کو سگریٹ فروخت کرتے دکھائی دیتے ہیں ،جبکہ سکولوں کالجوں کے باہر دکاندار بھی طلباء میں کھلے سگریٹ فروخت کر رہے ہیں۔
انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ نوجوانوں کو سگریٹ کے نشے کی لعنت سے بچایا جا سکے