اوچ شریف :عید الاضحٰی کی آمد مہنگائی کا طوفان،سبزاورخشک مصالحہ جات عوام کی پہنچ سے دور

اوچ شریف، باغی ٹی وی نامہ نگار ( حبیب خان سے) عید الضحی سے قبل مہنگائی کا طوفان، مصالحہ جات، ٹماٹر، پیاز، ادرک، لہسن، سبز مرچ مزید مہنگی، گرانفروشی عروج پر، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ "مال” بنانے میں مصروف، مافیاء کے ڈیروں پر شام کے وقت فروٹس کے شاپرز پہنچاۓ جانے لگے، عوام کی جیبوں پر ڈاکہ بارے انتظامیہ خاموش تماشائی، غریب آدمی کیسے سالن پکا سکتا ہے؟ شہری پھٹ پڑے

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف شہر وگردونواح میں ریڑھی بانوں اور دوکانداروں نے عید سے قبل اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کردیا ہے، اس حوالہ سے ضلع کی پرائس کمیٹیاں اور ضلعی انتظامیہ حسبِ سابق خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی نظر آرہیں ہیں، شہریوں نے تاجران کی خود ساختہ گرانفروشی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس کا نوٹس لیا جائے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے،

بکرا عید قریب آتے ہی گھروں میں استعمال ہونے والے مصالحہ جات پیاز، ٹماٹر، ادرک، لہسن، سبز مرچ و دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئیں ہیں،جبکہ جیسے جیسے بکرا عید قریب آرہی ہے ویسے ہی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے، مہنگائی سے ستائے شہریوں محمد یاسر، احمد علی، محمد بخش، اللہ وسایا، الٰہی بخش و دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پہلے ہی اتنی ہے کہ ہم پریشان ہیں کہ بچوں کے کپڑوں کی خریداری کیسے کریں، کیونکہ مہنگائی کے طوفان نے زندگی اجیرن بنادی ہے اور ہمارے لیےقربانی کرنا بھی بہت مشکل ہوچکا ہے،

مویشی منڈی میں جانوروں کےریٹ بھی آسمان سے باتیں کررہے ہیں جنہیں خریدنا بہت مشکل ہے۔ مہنگائی نے غریب عوام کو عید سے پہلے ذبح کرنا شروع کردیا ہے پیاز ٹماٹر لہسن ادرک آلو مرغی کے گوشت سمیت دیگر اشیا سمیت مصالحہ جات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے شہریوں کے اوسان خطا کر دیئے، اسی طرح مختلف اقسام کے مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

اس مہنگائی کے طوفان کا نوٹس لینے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ائیر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر مہنگائی سے بلبلاتے شہریوں کی آہ و بکا سنتے ہو ئے بھی تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں،کہیں بھی حکومتی رٹ قائم ہوتی نظر نہیں آرہی.

Leave a reply