اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) عید الفطر کی آمد قریب آنے کے ساتھ ہی اوچ شریف شہر کی مارکیٹوں کی رونقیں بھی لوٹ آئی ہیں۔ ملک میں مہنگائی کی لہر کے باوجود اوچ شریف شہر میں گارمنٹس،جوتوں،کپڑوں، مصنوعی جیولری، میک اپ کے سامان کی مانگ میں بے تحاشا اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ دکانداروں نے بھی عید سیزن کمانے کے لئے ان اشیا کے نرخوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے خواتین اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔
دن ڈھلتے ہی اوچ شریف کی بازاروں، مارکیٹوں میں خریداروں کی ہر گزرتے دن کے ساتھ تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ بازاروں میں خریداروں کے رش کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔اور ٹریفک پولیس اہلکار بھی منظر سے غائب ہیں اور دکانداروں کی جانب سے گاہکوں کو متوجہ کرنے کے لیئے تشہری مہم بھی جاری ہے۔
شہر کی بازار اور مارکیٹوں میں عید الفطر کی آمد قریب آنے پر ریڈی میڈ گارمنٹس،جوتوں، کپڑوں، مصنوعی جیولری، میک اپ کے سامان کی فروخت میں اضافہ ہو گیا ہے۔دکانوں پر خواتین سمیت شہریوں کا رش لگا ہے جو کہ شام کے بعد بڑھ جاتا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ یہ رش عید رات تک جاری رہے گا۔
ادھر دوسری جانب عید خریداری کے کام میں تیزی آتے ہی دکانداروں نے عید سیزن کمانے کے لئے ان اشیا کے نرخوں میں 25 سے 30 فیصد کاخود ساختہ اضافہ بھی کر دیا ہے جس کی وجہ سے خواتین اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔ خواتین کا کہنا ہے کہ جب عید کی تیاریوں میں تیزی اور جو ش وخروش پیدا ہوا ہے تو دکانداروں نے نرخوں میں اضافہ کر دیا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکانداروں نے اپنی دکانوں کے کرایہ جات کے حساب سے جوتوں اور کپڑوں کی قیمتوں کو مقرر کررکھا ہے ،
میڈیا سروے کے دوران شہریوں نے بتایا کہ عید آتے ہی شہر کے دکانداروں نے کپڑے اور جوتوں کی قیمتوں میں من پسند اضافہ کرکے جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کررکھا ہے ، غریب طبقے کے لئے خریداری کرنا پل صراط پر سے گزرنے کے مترادف ہے ، دکاندار صارفین کی مجبوریوں کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے لوٹ مار کا بازارگرم کئے ہوئے ہیں۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کپڑے اور جوتوں کی مہنگائی کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے منافع خور دکانداروں کے خلاف کارروائی کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ غریب طبقہ بھی عید الفطر کے تہوار کا دن منا سکیں








