اوچ شریف:عید الفطر کی آمد آمد،پردیسیوں کی آبائی علاقوں کو واپسی شروع،بس اڈوں پر رش بڑھنے لگا

اوچ شریف باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان)عید الفطر کی آمد آمد،پردیسیوں کی آبائی علاقوں کو واپسی شروع،بس اڈوں پر رش بڑھنے لگا، کہیں کرائے دگنے تو کہیں گاڑیاں نایاب گاڑی مالکان من مرضی کے کرائے وصول کرنے لگے پردیسی پریشان

رمضان المبارک اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے اور عید کی بھی آمد آمد ہے، عید الفطر کے قریب آتے ہی جنوبی پنجاب کے شہر اوچ شریف ،علی پور، احمد پور شرقیہ ،لیاقت پور ،ترنڈہ محمد پناہ ، بہاول پور کے پردیسیوں نے اپنے پیاروں کے ساتھ عید منانے کے لیے شہر کراچی، لاہور ،فیصل آباد سے رخت سفر باندھ لیا۔

اپنوں سے ملنے کے منتظرلوگوں کی واپسی کے باعث ریلوے اسٹیشن، ٹرانسپورٹ اڈوں پرپردیسیوں کا رش ہے،عید الفطر آتے ہی پردیسی اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہونے کیلئے بے تاب نظر آرہےہیں انہوں نے بذریعہ ٹیلی فون اپنے شہر کی میڈیا کو بتایا کہ یہاں پر ٹرانسپورٹ کی من مانی چل رہی ہے اور گاڑیوں کے نایاب ہونے کا بتا کر دگنا کرایہ وصول کیا جا رہا ہے

انہوں نے بتایا کہ کہیں کرائے دگنے تو کہیں گاڑیاں ہی نایاب ہوگئیں،لیکن فریاد کریں توکس سے کریں۔ ایک پردیسی نے بتایا کہ کراچی سے اوچ شریف انے کے لیے ایڈوانس بکنگ 28/03/2024کو کروائی جو کہ 8اپریل کی سیٹ ملی ہےتاکہ بغیر کسی پریشانی کے اپنے گھروں تک پہنچ سکیں، ایڈوانس بکنگ کیلئے گاڑیاں موجود ہیں لیکن بس سٹینڈز پر آ کر ٹکٹ لینے والوں کو خواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ایڈوانس بکنگ کی وجہ سے ٹکٹوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پردیسیوں کو ابھی سے لمبی قطاروں میں لگنا پڑ رہا ہے۔پردیسی ٹکٹیں نہ ملنے کا شکوہ کرتے ہوئے کہتے ہیں ایڈوانس بکنگ کی وجہ سے یہاں ٹکٹیں نہیں مل رہیں۔ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مناسب انتظامات نہیں کیے گئے آبائی علاقوں کو جانے والوں نے زائد کرایہ وصول کرنے کی بھی شکایت کی پردیسیوں کا کہنا ہے کہ ہر سال جب بھی عید منانے کے لیے اپنے علاقوں میں جاتے ہیں تو کرایوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے، کوئی گاڑی مالکان کو پوچھنے والا نہیں۔

دوسری جانب گاڑی مالکان کا کہنا ہے پٹرول اور ڈیزل کے ریٹس اس حد تک بڑھ گئے ہیں کہ مجبوری کے تحت کرایوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے اور پولیس بھی عید کے قریب مہنگے مہنگے چلان کرنا شروع کر دیتی ہے، اس لیے کرائے بڑھانا مجبوری ہے

Leave a reply