اوچ شریف :500 روپے فی گھر ،گیس کمپریسر کا آزادانہ استعمال،سوئی گیس ملازمین کی سرعام لوٹ مار
اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) "500 روپے فی گھر دو اور گیس کمپریسر کا آزادانہ استعمال کرو ” محکمہ سوئی گیس ملازمین نے سرکاری احکامات کی دھجیاں اڑا دیں، دونوں ہاتھوں سے کمائی مہم جاری، غریبوں کے بچے ناشتہ اور دوپہر کے کھانے کو ترس گئے، جھولیاں اٹھا کر محکمہ کو بددعائیں دینے لگے، چئیرمین سوئی سدرن گیس صورتحال کا فوری نوٹس لیں، شہری
تفصیلات کے مطابق سردی میں اضافہ ہوتے ہی جہاں سوئی گیس لوڈ شیڈنگ نے شدت پکڑ لی ہے وہیں کمپریسر مشینوں کے ذریعے گیس کھینچنے کا عمل بھی زوروں پر ہے، جبکہ سرکاری سطح پر اس ممنوعہ مجرمانہ فعل سے باز رہنے کی بار بار تشہیر کے باوجود بااثر اور پیسے والے گیس صارفین اور محکمہ کے ملازمین کے مبینہ گٹھ جوڑ نے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے کرڈالے ہیں اور گیس کنکشن ہولڈرز کی بڑی تعداد مہنگی اور نمی سے گیلی لکڑیوں کے دھوئیں کو پھونکنے پر مجبور ہوچکے ہیں،
باوثوق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ محلہ شمس باغ، محلہ گیلانی، اکبر ٹاؤن، شمس کالونی، محلہ سودھگان، محلہ خواجگان، عید گاہ روڈ، ٹینکی چوک، امیر آباد، محلہ بخاری، اختر کالونی، جمال درویش محلہ ڈوڈیاں، ریسٹ ہاؤس ایریا، ملاح محلہ، ہاتھی گیٹ بازار سمیت دیگر کئی ایریاز کی بولیاں لگا کر آفیسرز اور ملازمین ٹاسک کے طور پر کام کررہے ہیں اور ممنوعہ گیس کمپریسر پمپ کا مبینہ طور پر پانچ سو روپے فی گھرانہ کے عوض دھڑلے سے استعمال جاری کرا رکھا ہے جس کی وجہ سے قانون کی پاسداری کرنے والے شہری گیس چولہوں کا منہ تکتے رہتے ہیں اور اکثر اوقات بنا کھانا کھاۓ گھروں سے کام پر روانہ ہوجاتے ہیں،
جبکہ گیس کمپریسر پمپ لگانے والوں کے گھروں میں گیزر اور ہر وقت ہیٹرز چلتے رہتے ہیں جن کے بارے میں محکمہ کے مقامی ملازمین کو بھی مکمل انفارمیشن ہوتی ہے، شہریوں طارق، محمد اسحاق، اجمل، احمد علی و دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے یہ بھی بتایا ہے کہ ہم سوئی گیس والوں کو شکایت بھی کر چکے ہیں لیکن کوئی ایکشن نہیں ہوا، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس ضمن میں فی الفور آپریشن کیا جائے اور گھروں میں کمپریسر پمپ والے میٹرز اتارے جائیں اور بھاری جرمانے لگاۓ جائیں تاکہ انکی وجہ سے عام عوام گیس سے محروم نہ ہو ں اور وقت پر بچوں کو کھانا دودھ وغیرہ مل سکے،