اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) سرکاری زمین کی اونے پونے فروخت جاری، عباسیہ کینال کے دونوں کناروں پر غیر قانونی تعمیراتی کاموں میں تیزی ، محکمہ انہار ،اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد فیصل ،میونسپل کمیٹی و لینڈ ریکارڈ انتظامیہ کی خاموش ، قبضہ مافیا ، لینڈ مافیا اور باآثر سیاسی افراد نے عباسیہ لنک کینال کی خوبصورتی ختم کرنے کیلئے ایکا کر لیا ہے
تفصیلات کے مطابق اولیائے کرام کے شہر اوچ شریف عباسیہ لنک کینال کی خوبصورتی ختم کرنے کیلئے لینڈ مافیا ، قبضہ مافیا اور باآثر افراد سمیت محکمہ انہار، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد فیصل میونسپل کمیٹی انتظامیہ نے ایکا کر لیا عباسیہ لنک کینال کے دونوں کناروں پر حسینی چوک تا پل چھٹہ تک غیر قانونی تعمیراتی کاموں سمیت عباسیہ لنک کینال کے کناروں پر مبینہ بااثر لینڈ مافیا کا دن دیہاڑے قبضہ، تحصیل انتظامیہ اور محکمہ انہار کی مبینہ ملی بھگت سے سڑک چھاپ جرائم پیشہ عناصر راتوں رات لکھ پتی بن گئے، ” اوپر ” بیٹھے بڑے آفیسران کی مجرمانہ خاموشی نے چھوٹے ملازمین کوشیربنادیا، نہر کے اطراف قبضہ مافیا کی غیر قانونی تعمیرات نے قومی شاہراہ سے گزرنے والی بھاری ٹریفک کے لیے مشکلات پیداکردی ہیں،
عباسیہ لنک کینال کے اطراف میں موجود ساحلی پٹی قبضہ مافیا کی چیرہ دستیوں کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، محکمہ جنگلات کی جانب سے لگائے گئے پودے اور سرسبز و شاداب درختوں سے مزین گرین بیلٹ پر کچھ عرصہ سے سڑک چھاپ عناصر اور لینڈ مافیا کے کارندوں نے دھڑا دھڑ قبضہ کرنے اور بھولی بھالی عوام سے لاکھوں روپے اینٹھ کر مبینہ ناجائز فروخت کا دھندہ شروع کر رکھا ہے جس بابت تحصیل احمد پور شرقیہ ایڈمنسٹریشن اور متعلقہ سرکاری ملازمین نے چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے، جبکہ دوسری جانب مال مفت دل بے رحم کے مصداق سرکار کا قیمتی رقبہ پر مزکور عناصر کے غیر قانونی جعلی ملکیت شو کرکے آگے بیچنے کا مبینہ دھندہ دھڑلے سے جاری ہے،
اور رہی سہی کسر محکمہ انہار کے ملازمین نے اپنا حصہ وصول کرکے پوری کررکھی ہے،عباسیہ لنک کینال کے دونوں کناروں پر حسینی چوک تا پل چھٹہ تک مبینہ غیر قانونی تعمیراتی کام بھی عروج پر ہے ،جس کی وجہ سے شہری شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں، کیونکہ موسم گرما کی آمد آمد ہے اور نہر کناروں پر مبینہ غیر قانونی تجاوزات کی تعمیر و قبضہ کے باعث سایہ دار درختوں اور سبزہ سے محرومی گرمیوں میں صورتحال کو مزید خراب کرنے والی ہے،
ذرائع کے مطابق اس لینڈ مافیا میں مبینہ سیاسی آشیرباد بارے بھی انکشاف ہورہا ہے،چمک کے کمال سے چشم پوشی برتی جارہی ہے اور یہ کاروبار منظم طریقےسے کیا جارہا ہے جس میں محکمہ مال محکمہ انہار اور ضلعی انتظامیہ کے چھوٹے ملازم ملوث ہیں کیونکہ ان محکمہ جات کی خاموشی اندر کاحال بیان کر رہی ہے، سرکاری اراضی بیچ کر قومی خزانے کو ٹیکہ لگایا جارہا ہے اور مافیا اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہے،
شہریوں محمد شفیع ،محمد وقاص ،ساجد علی ،سید زین حیدر، عشرت حسین سمیت دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چولستان کے زرعی زمینوں کو سیراب کرنے والی نہر پر سیاسی قبضہ مافیا نے دکانیں ، تھڑے اور لان بنا کر قبضہ کرنا شروع کردیا ، ضلعی حکومت اور محکمہ انہارنے قبضہ مافیا سے نہری زمین واگزار کروانے کے بجائےپراسرار خاموشی اختیار کر لی ہے۔نہری زمین پر پکے تھڑے اور شیڈز ،جوسر کینٹن، سروس پمپ کی تعمیرکئے جارہے ہیں
شہریوں نے کمشنر بہاولپور اور متعلقہ محکمہ آفیسرزسے فوری طور پر سرکاری رقبہ کو لینڈ مافیا کے چنگل سے واگزار کروانے اور سرکاری خزانہ کو چونا لگانے اورتمام ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کامطالبہ کیا ہے .