اوچ شریف : ہوٹلوں ،شوارما،تکہ بوٹی،پیزا اور برگر پوائنٹس پرحرام مرغیوں کا گوشت سپلائی کا انکشاف

اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان ) ہوٹلوں ،شوارما،تکہ بوٹی،پیزا اور برگر پوائنٹس پرحرام مرغیوں کا گوشت سپلائی کا انکشاف
اوچ شریف شہر سمیت دیگر علاقوں میں ہوٹلوں، شوارما اور تکہ بوٹی، پیزا اور برگر پوائنٹس پر مرغیوں کا حرام گوشت استعمال ہونے کا انکشاف، بہاول پور شہر کے معروف برانڈ کے نام پر صارفین کی صحت سے کھلواڑ جاری، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کاروائیوں میں کمی ہونے کے باعث شہری موذی امراض میں مبتلا ہونے لگے،

تفصیل کے مطابق بھاری منافع کی لالچ میں اندھے شوارما، تکہ بوٹی، پیزا شاپس مالکان اوچ شریف کے شہریوں کی صحت کے دشمن بن گئے، شہر کی متعدد فاسٹ فوڈ شاپس سمیت بہاول پور شہر کے معروف برانڈ کے نام پر پیزا پوائنٹ شاپ پر بیمار، لاغر اور مردہ مرغیوں کے گوشت استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے زرائع کے مطابق شہر میں روزانہ سو ڈیڑھ سو کلو مردہ، نیم مردہ اور لاغر مرغیوں کا گوشت سپلائی کیا جا رہا ہے جسے شوارما، پیزا اور تکہ بوٹی بنانے والے چند دکانداروں کے پاس آدھی قیمت پر فروخت کیا جاتا ہے جسے چٹ پٹے اور چٹخارے دار مصالحے لگا کر دھڑلے سے شہریوں کو فروخت کرنے کا دھندہ جاری ہے ان عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کاروائیوں میں سستی کے باعث اوچ شریف کے شہریوں خصوصی طور پر چھوٹے بچوں کو خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہونے کے شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں

ذرائع کے مطابق اوچ شریف میں روزانہ کی بنیاد پر مردہ گوشت کی ترسیل کی جاتی ہے جو بعد میں ذبح کرکے شوارما و برگر پوائنٹس سمیت لوکل فوڈ پوائنٹس کو فراہم کیا جاتا ہے ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے اوچ شریف کے داخلی راستوں پر چیکنگ اور نہ ہی موثر ناکہ بندی کی جاتی ہے جس کے باعث صحت دشمن عناصر مردہ مرغیاں لے کر شہر میں داخل ہوتے ہیں اور مضر صحت گوشت کھلا کر شہریوں کی جانوں سے کھیلتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا تھا پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی جانب سے شام کے اوقات میں ان فوڈ پوائنٹس اور ٹکہ بوٹی شوارما برگر پوائنٹس کی چیکنگ نہیں کی جاتی جس کے باعث اوچ شریف شہر میں صحت دشمن عناصر نڈر ہو کر اس مکروہ دھندے کو چلا رہے ہیں۔ہوٹل پر کام کرنے والے ملازم سے اس بارے میڈیا نے پوچھا تو انہوں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہاں حرام گوشت استعمال نہیں ہوتا البتہ بیمار لاغر مرغیوں کا گوشت ضرور استعمال ہوتا ہے

Leave a reply