اوچ شریف شہر و مضافات میں رمضان المبارک کا تقدس پامال، سرعام ہوٹل کھل گئے

ہوٹلوں کے آگے پردہ لگا کر رمضان المبارک کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے تمام ہوٹل کھلے ہیں،کسی کے پاس سرکاری اجازت نامہ نہیں ہے

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف شہر و مضافات میں رمضان المبارک کا تقدس پامال ہونے لگا ،انتظامیہ خاموش تماشائی، اوچ شریف شہر میں المدینہ عباسیہ المکہ ہوٹلوں کے آگے پردہ لگا کر رمضان المبارک کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے جگہ جگہ ہوٹل کھلے ہیں متعدد ہوٹل والوں کے ساتھ ساتھ پکوڑا سموسہ فروش ، دہی بھلے ، فروٹ چاٹ فروش مل کر رمضان المبارک کا تقدس پامال کرنے میں مصروف ،

گذشتہ کئی برس سے رمضان آرڈی نینس کے تحت سر عام ہوٹلوں کو کھول کر ماہ صیام کے تقدس کو پامال کرنے والوں کے خلاف سخت کار روائی عمل میں لائی جاتی تھی لیکن اس سال اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد فیصل کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث اوچ شریف شہر بھر میں جگہ جگہ ہوٹل کھلے دکھائی دیتے ہیں جہاں پر لوگ سر عام کھا پی کر نہ صرف رمضان المبارک کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں بلکہ روزہ داروں کے جذبات کو بھی مجروح کر رہے ہیں۔

ہوٹلوں کے لاوہ سموسہ پکوڑا فروش ، جوس کارنر ، دہی بھلے ، فروٹ چاٹ یہاں تک کہ چائے بنانے والے بھی ریڑھیوں پر اپنی دکانیں کھول لیتے ہیں جس سے روزہ خوروں کی چاندی ہو جاتی ہے اور وہ بلا خوف و خطر کھاتے پیتے نظرآتے ہیں

متعدد ہوٹلز اور دکانوں پر کھانا بھی دیدہ دلیری کے ساتھ فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ اس سلسلے میں تحصیل انتظامیہ بالکل خاموش دکھائی دیتی ہے جس کی وجہ سے ہوٹلز مالکان بلاخوف و خطر اپنے ہوٹلزکھول کر کھانے تیار کرکے فروخت کر رہے ہیں

شہریوں محمد عبداللہ مستوئی، محمد شریف مستوئی ،عبد الصمد مستوئی نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور سمیت دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بااثر ہوٹلز مالکان اور ماہ صیام کا تقدس پامال کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور رمضان المبارک کا تقدس پامال ہونے سے بچایا جائے.

Leave a reply