اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) بدنام زمانہ کوئلہ چور اور آئل مافیا کا مبینہ گٹھ جوڑ، دو نمبر دھندے کا وسیع نیٹ ورک قائم، قومی شاہراہ پر ہوٹلوں کی آڑ میں منشیات کی فروخت جاری، پولیس کو چکمہ دینے کیلئے چھوٹے ملازمین سے رابطے، اکثر کارروائیوں میں بڑے ڈیلر بچ نکلنے میں کامیاب، قومی شاہراہ پر موجود نیٹ ورک توڑنے کیلئے گرینڈ آپریشن ناگزیر ہو گیا

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقوں بستی حافظاں تا پل بھلکہ تک قومی شاہراہ کے دونوں اطراف قائم متعدد ہوٹلوں کی آڑ میں منشیات فروشی کی سپلائی اور فروخت کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ایرانی اور دو نمبر پیٹرول بھی سرعام فروخت کرکے "مال ” کمایا جارہا ہے، کریانہ شاپس پر پلاسٹک بوتلوں میں دو نمبر پٹرول کی وافر مقدار میں سپلائی بھی عروج پر پہنچ چکی ہے، محکمہ سول ڈیفنس والے اپنا ” حصہ ” وصول کرکے منہ موڑ جاتے ہیں، جبکہ منی پیٹرول پمپس اور ایجنسیاں آئے روز حادثات کا سبب بھی بن رہی ہیں،

باوثوق زرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اعلیٰ حکام کی جانب سے مزکورہ پیٹرول سپلائر، منشیات فروشوں اور آئل مافیا کے خلاف ڈی سی بہاولپور اور ڈی پی او بہاولپور کو متعدد بار مراسلے بھی جاری کئے جا چکے ہیں جس میں غیر قانونی طور پر پٹرول بیچنے والوں کیخلاف کارروائی کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے چھوٹی موٹی کاروائیاں کی گئی ہیں جن میں منشیات فروش کارندے گرفتار ہونے کے باوجود بڑے ڈیلر اپنے مضبوط نیٹ ورک کی وجہ سے بچ نکلنے میں کامیاب رہتے ہیں ،

انتظامیہ‘ پولیس اہلکاروں‘ عوامی نمائندوں اور سیاسی شخصیات کا ہوٹلوں سمیت منی پٹرول پمپس اور غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کے مالکان کیساتھ مبینہ گٹھ جوڑ بارے بھی اطلاعات ہیں، جبکہ دوسری جانب شہر کے گلی کوچوں میں با اثر دکاندار پلاسٹک کی بوتلوں میں مہنگے داموں دو نمبر پٹرول فروخت کررہے ہیں، اِن غیر قانونی تیل ایجنسیوں اور منی پٹرول پمپس پر کسی قسم کے حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے۔

اسی طرح اوچ شریف شہر کے مختلف علاقوں بستی حافظاں‘ بستی مقبول آرائیں‘ بیٹ احمد ‘ کچی شکرانی، بیٹ بختیاری‘ بنگلہ مستوئی‘ حلیم پور‘جھانگڑہ غربی سمیت شہر سے ملحقہ علاقہ جات میں درجنوں غیر قانونی ایجنسیاں اور منی پٹرول پمپس قائم ہیں جن کیخلاف باقاعدہ قانونی کارروائی نہ ہونے سے اِن میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ناقص اور ملاوٹ شدہ پٹرول اور ڈیزل کے استعمال سے موٹر سائیکلوں‘ کاروں اور ٹریکٹروں کے انجن تباہ ہو رہے ہیں،

اوچ شریف کے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور اور ڈی پی او بہاولپور سے منی پیٹرول پمپس سمیت ہوٹلز میں منشیات فروشی کرنے والے افراد کے خلاف مؤثر گرینڈ آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا ہے

Shares: