اوچ شریف:لاکھوں کی آبادی،تاریخی شہر مرکزی جنازہ گاہ کی سہولت سے محروم

اوچ شریف،باغی ٹی وی نامہ نگار (حبیب خان) لاکھوں نفوس پر آباد تاریخی شہر مرکزی جنازہ گاہ کی سہولت سے محروم، فوت شدگان کے لواحقین اور نماز جنازہ پڑھنے والے افراد کو شدید پریشانی کا سامنا ، احاطہ مسجد حضرت محبوب سبحانی حضرت جلال الدین سرخ پوش میں بھی جگہ تنگ اور پارکنگ مسائل ، بوائز ہائی سکول اکثر اوقات بند، انتظامیہ کی جانب سے سکول گراؤنڈ اور مسجد کو تالہ ہونے کے باعث جنازہ پڑھنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ، ارباب اختیار سے چار دیواری کے ساتھ سرکاری جگہ پر جنازہ گاہ ، شیڈ اور وضو خانہ بنانے کا عوامی مطالبہ ۔

تفصیل کے مطابق قدیمی تاریخی شہر اوچشریف میں جنازہ گاہ نہ ہونے سے فوت شدگان کے لواحقین اور نماز جنازہ پڑھنے والے افراد کو شدید پریشانی کا سامنا ہے جنازہ گاہ نہ ہونے سے دربار حضرت محبوب سبحانی حضرت جلال الدین سرخ پوش رحمۃ اللہ علیہ سے ملحق مسجد کے احاطہ میں نماز جنازہ پڑھائی جاتی ہے، جہاں پر جگہ کم ہے جبکہ تنگ گلیوں اور پارکنگ مسائل کا بھی سامنا ہوتا ہے

جس سے شہری دوہری اذیت کا شکار ہو جاتے ہیں اور مجبوری میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کے سبزہ زار گراؤنڈ میں نماز جنازہ ادا کرنے پر مجبور ہوتے ہیں جہاں اکثر اوقات انتظامیہ کی جانب سے اسکول گیٹ اور مسجد کو تالا ہونے کے باعث شہری وہاں پر بھی نماز جنازہ ادا کرنے سے قاصر ہوتے ہیں

جس کی وجہ سے شہریان میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور انہوں نے ارباب اختیار سے شہر میں چار دیواری کے ساتھ سرکاری جگہ پر جنازہ گاہ ، شیڈ اور وضو خانہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے

Leave a reply