اُوچ شریف: گردے میں پتھری کا علاج صرف ماہر ڈاکٹر سے کرایا جائے -ڈاکٹرامجد سپرا

روزانہ ورزش کریں،بہت زیادہ مرغن غذائیں، زیادہ نمک، چکنائی اور زیادہ میٹھے سے پرہیز کریں

اُوچ شریف(باغی ٹی وی) ماہر امراض گردہ و مثانہ ڈاکٹر محمد امجد سپرا نے کہا ہے کہ گردے میں پتھری کا علاج صرف ماہر ڈاکٹر سے کرایا جائے،انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عام آدمی کیلئے پیغام دیا ہے کہ گرمیوں میں زیادہ پانی کا استعمال کریں، شوگراور بلڈپریشر کو کنٹرول کرنے کیلئے روزانہ ورزش کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں،

خواتین اور مرد اپنی جسمانی، روحانی صفائی کا خیال رکھیں بہت زیادہ مرغن غذائیں، زیادہ نمک، چکنائی اور زیادہ میٹھے سے پرہیز کریں۔ پھلوں، سبزیوں اور سلادکا زیادہ استعمال کریں۔سگریٹ نوشی، شراب نوشی سے پرہیز بہت ضروری ہے۔گردہ مثانہ کی کوئی بھی علامت ظاہر ہوتی ہے تو لاپرواہی ہرگزنہ برتیں۔خاص طور پر خواتین اور زیادہ عمر کے لوگ اس کو عمر کے ساتھ ساتھ نارمل تبدیلی کا حصہ نہ سمجھیں اور کسی بھی شرم یا گھبراہٹ کے بغیر مستند”یورالوجسٹ“سے مشورہ لیں تاکہ وقت پر صحیح علاج ہو سکے اور یاد رکھیں تندروستی ہزار نعمت ہے یہ زندگی اللہ تعالیٰ کا بہت ہی خوبصورت تحفہ ہے جان ہے تو جہان ہے اپنے گردوں کے بارے میں جانیں ان سے پیار کریں،بیماریوں سے بچائیں کیونکہ صحت مند گردے ہی صحت مند زندگی کا راز ہے۔

ڈاکٹر محمد امجد سپرا نے مزید کہا کہ گردے میں پتھری بننے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں آلودہ غذا اور پانی،گرم موسم میں پانی کی کمی،بے دریغ درد کی دواؤں کا استعمال، کشتہ جات،جعلی حکیم، ڈاکٹرز،اتائیوں کا غیر مستند طریقہ علاج دوران زچگی، پیدائش وآپریشن کی پیچیدگیاں،بازار میں بکنے والی جعلی ادویات،رنگ گورا کرنے والی کریمیں وغیرہ وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شوگر، بلڈ پریشر، انفیکشن، مثانے کا غدود(براسٹیٹ) رسولی، بچوں میں پیدائشی نقائص، حادثات اورہمارے ملک میں بہت اہم وجہ گردہ،مثانہ کی پتھری بھی ہے یہ تمام وجوہات اور بیماریاں قابل علاج ہیں مگر اس کیلئے ضروری ہے کہ کسی بھی قسم کی علامات کی صورت میں ماہر امراض گردہ،مثانہ سے مشورہ کیا جائے۔

Leave a reply