اوچ شریف شہر میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ جاری

kite

اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان)اوچ شریف شہر میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ جاری، گلی محلوں میں دیدہ دلیری کے ساتھ پتنگیں اور ڈوریں بھی فروخت ہو رہی ہیں، پولیس اور انتظامیہ خاموش، پتنگ بازی سے حادثات رونما ہونے کے خدشات بڑھ گئے۔عوامی سماجی حلقوں میں شدید تشویش ، ارباب اختیار سے فوری نوٹس اور اصلاح احوال کا مطالبہ

اوچ شریف شہر اور گردونواح میں پتنگ بازی اور پتنگوں کی فروخت کا سلسلہ دھڑلے سے جاری ہے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے پتنگ بازی اور پتنگ فروخت کرنے پر پابندی عائد ہے لیکن پولیس اور انتظامیہ نے اس حوالے سے خاموشی اختیار کر رکھی ہے جس کے باعث پتنگ بازی اور پتنگوں کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔

خونی شوق ثابت ہونے والی پتنگ بازی عروج پر ہے جہاں سرشام آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے رنگین ہو جاتا ہے جس میں دھاتی ڈور کا استعمال کیا جاتا ہے جو جان لیوا ہے جس سے ملک بھر میں کئی ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں گلے پر دھاتی ڈور پھرنے سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے جس کے باعث پتنگ بازی پر پابندی عائد ہے تاہم انتظامیہ کی خاموشی کی وجہ سے یہ خونی کھیل جاری ہے

یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی اوچشریف کے نواحی علاقے پتی کھیارہ کا مقامی صحافی شہزاد اعوان دھاتی ڈور پھرنے سے زخمی ہو گیا تھا جس کی وجہ سے عوامی سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور انہوں نے ارباب اختیار سے فوری نوٹس لے کر اس خونی کھیل کی مستقل بنیادوں پر روک تھام کے اقدامات کو یقینی بناتے ہوئے اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے

Leave a reply