اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف شہر اور گردونواح میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں کا جینا محال ہو گیا ہے۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث گرمی میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہربھر میں کاروباری طبقہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے سبب کاروبار ٹھپ ہونے کے نتیجے میں پریشان ہے۔ بجلی کے بلوں میں من مانے یونٹ ڈالنے سے بلوں میں بے تحاشہ اضافہ نے شہریوں کو بجلی کے بل ادائیگی کرنا دشوار بنا دیا ہے۔
گزشتہ روز سے اوچ شریف شہر و گردونواح علاقوں میں فورس لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔ بیشتر علاقوں میں ہر گھنٹے بعد دو سے تین گھنٹے جبکہ بعض علاقوں میں ہر آدھے گھنٹے بعد ایک سے دو گھنٹے کی بجلی بندش نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔
شدید گرمی میں اوچ شریف شہر و گردونواح کے شہریوں کو 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔ طویل بجلی بندش سے صنعتی اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح سے متاثر ہو رہی ہیں اور شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کے معمولات زندگی درہم برہم کر دیئے ہیں۔
دیہی علاقوں میں 12 گھنٹوں سے 14 گھنٹے کی بجلی بندش نے لوگوں کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔ شہریوں محمد اسماعیل عباسی، نعیم خان، شوکت علی، ارشاد احمد، جام زاہد، اور دیگر نے میپکو کے اعلیٰ حکام و ارباب اختیار سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔