اوچ شریف:آفیسران کی مبینہ ڈیل، ایل پی جی سلنڈروں پر چلنے والی کھٹارا مسافر ویگنوں کو کھلی چھوٹ

اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان) ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، سول ڈیفنس، پٹرولنگ و ٹریفک پولیس کی ٹرانسپورٹ مافیا سے بڑی ڈیل، بھاری منتھلی کے عوض اوچ شریف سے ایل پی جی سلنڈروں پر چلنے والی درجنوں اوور لوڈ کھٹارا مسافر ویگنوں کو کھلی چھوٹ ، کارگزاری دکھانے کیلئے اِکا دُکا چالان کر کے افسران کے سامنے بھی سرخرو ہو گئے ، مجبور مسافر خطرناک جان لیوا ویگنوں پر سفر کیلئے مجبور، سیکرٹری آر ٹی اے بہاول پور اور محکمہ سول ڈیفنس کی کاروائیاں بھی بہاول پور شہر تک محدود، شہریوں نے اوگرا کے احکامات کے باوجود مسافر گاڑیوں میں ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والے ٹرانسپورٹ مالکان اور ان کو تحفظ دینے والے ٹریفک پولیس، پٹرولنگ پولیس کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

ملک بھر میں مسافر گاڑیوں میں آتشزدگی کے کئی واقعات ک رونما ہوچکے ہیں ان حادثات میں کئی قیمتی جانیں بھی ضائع ہوگئی تھیں ،جس پر تمام مسافر گاڑیوں میں ایل پی جی گیس سیلنڈرکے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آر ٹی سیکریٹریز، سول ڈیفنس افسران، ٹریفک پولیس، اور ہائی وے پٹرولنگ پولیس کو سخت کاعروائی کرنے کے ساتھ گاڑیوں میں نصب سلنڈروں کو ہٹانے کے احکامات جاری کئے گئے تھے، لیکن پنجاب کی سب سے بڑی تحصیل احمد پور شرقیہ میں مسافر ویگنوں میں ایل پی جی سلنڈروں کا استعمال دھڑلے سے جاری ہے

ذرائع کے مطابق اوچ شریف تا احمد پور شرقیہ، چنی گوٹھ، کوٹ خلیفہ ،علی پور چلنے والی درجنوں کھٹارا مسافر ویگنوں پر ایل پی جی سلنڈر نصب ہیں جنہیں پٹرولنگ پولیس،ٹریفک پولیس، سول ڈیفنس کی آشیر باد حاصل ہونے کی وجہ سے کھلی آزادی حاصل ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ مبینہ طور پر ٹرانسپورٹ مافیا نے ضلعی اعلی افسران سے ساز باز کر کے بھاری منتھلی کے عوض یہ رعایت حاصل کی ہوئی ہے جبکہ افسران کے سامنے بھی سرخرو ہونے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ایک دو چالان کر دیئے جاتے ہیں

ان ویگنوں پر سفر کرنے والے مسافروں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ایل پی جی سلنڈروں پر چلنے والی گاڑیوں میں مجبوری کے عالم میں سفر کرتے ہیں لیکن تمام سفر انتہائی خوف کے عالم میں طے ہوتا ہے، جبکہ ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ پولیس اہلکار راستے میں ناکوں پر روک کر گاڑیوں میں ایل پی جی سلنڈر دیکھ کر بھی کارروائی نہیں کرتے،

شہریوں نے کہا کہ سیکرٹری آر ٹی اے بہاول پور اور محکمہ سول ڈیفنس کے افسران نے بھی مسافر گاڑیوں سے ایل پی جی سلنڈروں کے استعمال کے خلاف مہم کو صرف بہاول پور شہر تک محدود کر رکھا ہے، جہاں کرائے بڑھانے کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں ایل پی جی سلنڈروں پر قابو نہیں پایا جا سکا

دوسری طرف احمد پور شرقیہ، اوچ شریف میں چلنے والی کھٹارا مسافر ویگنوں میں اوور لوڈنگ اور ایل پی جی سلنڈروں کا استعمال کھلے عام جاری ہے جس کے خلاف پٹرولنگ پولیس اور ٹریفک پولیس سمیت کوئی بھی کارروائی کیلئے تیار نہیں ہے

مسافروں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر، ڈپٹی کمشنر بہاول پور اور ضلعی پولیس انتظامیہ اس اہم ترین ایشو پر عملی اقدامات کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، محکمہ سول ڈیفنس سمیت ٹریفک پولیس کو ایل پی جی گیس سیلنڈر استعمال کرنے، بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور بغیر روٹس والی گاڑیوں اور ناجائز کرایوں کے ساتھ اوور لوڈنگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپناتے ہوئے سخت کارروائیاں کریں اور غفلت کی صورت میں ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، سول ڈیفنس عملے سمیت ٹریفک پولیس ۔ پیٹرولنگ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں، تاکہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے مسافروں کو یقینی تحفظ فراہم کیا جا سکے

Leave a reply