اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان )سخت سردی سے بچوں میں نمونیا کا مرض بڑھ جاتا ہے۔ سینئر ڈاکٹر رانا محمد ارشد
تفصیلات کے مطابق سینئر ڈاکٹر رانا محمد ارشدنے کہا ہے کہ بچوں کو سردی کی شدت سے بچانے کیلئے گرم کپڑوں کا استعمال کریں خصوصاً بچوں کو سردی سے بچانے کے لئے سرد ہواؤں اور ٹھنڈے پانی کے استعمال سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ سخت سردی سے بچوں میں نمونیا کا مرض بڑھ جاتا ہے جو کہ بسا اوقات جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔ لہٰذا نمونیا سے بچاؤ کیلئے اس موسم میں ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بچوں کو سردی سے محفوظ بنائیں ۔

سینئرڈاکٹر رانا محمد ارشد نے کہا کہ مائیں بچوں کو سردی سے محفوظ اور صحت مند رکھ سکتی ہیں۔ بچوں کو روزانہ صاف ستھرا رکھنے کے لئے گرم پانی کا استعمال کریں سردیوں میں بچوں کو نیم گرم پانی سے نہلائیں۔ اس سے قبل کسی معیاری بے بی آئل سے بچوں کے جسم کا اچھی طرح مساج کریں، لہٰذا سردیوں میں ٹھنڈے پانی، ٹھنڈے مشروبات اور ٹھنڈی چیزوں کے استعمال سے گریز کریں۔

انہوں نے شیر خوار بچوں کی ماؤں کو مخاطب کرتے کہا کہ وہ خود بھی گرم کپڑے پہنیں اور خشک میوہ جات کو اپنی خوراک کا حصہ بنائیں کیونکہ ماں تندرست رہے گی تو بچے بھی تندرست ہوں گے

Shares: