اوچ شریف : تحصیلدار کی سرپرستی میں پرائیویٹ منشیوں کا نیٹورک قائم

پٹواریوں کے منشی مکمل پٹواری بن گئے اور پٹوار خانے ان کےحوالے کردئے گئے،سائلین کا استحصال جاری

اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان ) تحصیلدار کی سرپرستی میں پرائیویٹ منشیوں کا نیٹورک قائم،پٹواریوں کے منشی مکمل پٹواری بن گئے اورپٹوار خانے ان کےحوالے کردئے گئے،سائلین کا استحصال جاری،تحصیلدار کی ناک تلے رشوت خوری عروج پر پٹواریوں کے منشیوں نے پٹوار خانوں کا چارج سنبھال لیا، سائلین کا استحصال کرنے میں مصروف ہزاروں روپے رشوت لے کر انتقال کرانے کے باوجود انتقال پرت کی کاپی دینے سے انکار، شہری حفیظ اللہ خان چانڈیہ کی میڈیا کے ذریعے حکام بالا سے انصاف کی اپیل

اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع بن واہ کے رہائشی محمد حفیظ اللہ خان چانڈیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب تحصیل اوچ شریف میں تعینات تحصیلدار منور شاہ کی ناک تلے رشوت خوری کا بازار گرم ہے۔پٹوار سرکل میں تعینات پٹواری محمد رفیق لنگاہ نے مبینہ طور پر عوام کی کھال ادھیڑنا شروع کر رکھی ہے، محمد رفیق لنگاہ پٹواری کی طرف سے رکھے گئے نصف درجن سے زائد منشیوں نے انتقالوں، ریکارڈ فرد اور فرد بیع کی مد میں ہزاروں روپے بٹورنا شروع کردئیے ہیں جبکہ پٹواری کی طرف سے عوام کی کھال ادھیڑنے کیلئے بٹھائے گئے منشیوں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں مزکورہ پٹواری نے عوام کو لوٹنے کیلئے جن منشیوں کو بھرتی کر رکھا ہے وہ عوام کی اربوں روپے کی اراضی کی مبینہ ہیر پھیر میں مصروف ہیں اور اپنی زمین کے ریکارڈ لینے کیلئے آنے والے سائلین کو ذلیل و خوار کرتے ہیں ۔

محمد حفیظ اللہ خان چانڈیہ کا کہنا ہے کہ پیسے دینے والے سائلین کا کام اسی وقت کیا جاتا ہے جبکہ پیسے نہ دینے والے سائلین کو منشی کئی کئی ماہ ٹرخاتے ہیں، جبکہ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد پٹواریوں کے دفاتر میں منشی رکھنے پر پابندی عائد ہے مگر اوچ شریف شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف پٹوار خانوں میں پٹواری عدالتی احکامات کی مسلسل دھجیاں اڑارہے ہیں ۔پٹواریوں نے بدستور پٹوار خانوں کو منشیوں کے حوالے کر رکھا ہے جو سائلین سے انتقال ، درستگی نام اور گرداوری کی بابت لین دین کے معاملات پٹواریوں کے دفاتر میں سر عام کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔

بعض منشیوں و ٹاؤٹوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر کابھی رخ کر رکھا ہے جو علی الصبح دفاتر کے گرد چکر لگانے شروع کر دیتے ہیں اور دور دراز سے انتقالات کروانے کیلئے آنے والے سائلین سے رابطے کر کے سرکاری فیسیز کے علاوہ کلر کوں سے ساز باز ہو کرافسران کے نام پر بھاری رقوم وصول کر کے سادہ لوح سائلین کا استحصال کر تے دکھائی دیتے ہیں۔

شہری حفیظ اللہ خان چانڈیہ سمیت دیگر شہریوں کی بڑی تعداد کا کہنا ہے کہ اوچ شریف کے پٹواریوں نے سرکاری ریکارڈ پر پرائیویٹ عملہ بٹھا رکھا ہے جو کہ سر عام انتقالات کے اندراجات اور فردات جاری کرنے کی مد میں 5ہزار سے لیکر 10ہزار روپے تک وصول کر رہے ہیں،

شہری حفیظ اللہ خان چانڈیہ نے الزام عائد کیا کہ پرچہ رجسٹری قانون کا مذاق بناکر رکھ دیا گیا ہے ،اوچ شریف پٹوارسرکل میں لاقانونیت کی ہر روز مثالیں قائم کی جا رہی ہیں محکمہ ریونیو کے افسران نے اپنے کان اور آنکھیں بند کر رکھی ہیں

حفیظ اللہ خان چانڈیہ نے کہا کہ قانونگو کی پڑتال سے لے کر تحصیلدار کی جانب سے انتقالات کی تصدیق تک جو رشوت کے ریٹ پٹواری نے بتائے ہیں وہ زبانی یاد ہو چکے ہیں اب تو پٹوار خانے میں انتقال درج کروانے کے 65ہزار قانونگو کی پڑتال کے6ہزار اور انتقال پاسنگ کے35ہزار روپے منہ مانگی رشوت مجبوراً دینی پڑ رہی ہے

حفیظ اللہ خان چانڈیہ کاکہنا تھا کہ افسران ہماری درخواستوں کو ردی میں پھینک رہے ہیں پٹواری کی کرپشن پر اعلیٰ افسران خاموش بیٹھے ہیں ہم ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ از خود نوٹس لیتے ہوئے کرپشن کرنے والے پٹواریوں کے خلاف نوٹس لیں

Leave a reply