اوچ شریف:رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بے قابو،مزدور طبقہ پریشان

اوچ شریف,باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان)اوچ شریف کے شہریوں حبیب خان،سید مجتہد رضوی،اظہر علی دانش ،صدیق خان ،عامر غنی خان لنگاہ ایڈووکیٹ،ساجد خان،مظہر خان پتافی، ملک محمد یعقوب ککس،شمس نذیر خان رند ،حسیب خان،لیاقت علی خان، ملک محمد امین، سید زین حیدر بخاری ،سلیم خان لنگاہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ حسب روایت اس سال بھی رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہوتا نظر آرہا ہے،بدقسمتی سے وطن عزیز میں ہر سال ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں عام آدمی کو پورے ماہ پریشانی میں مبتلا کئے رکھتی ہیں۔اس سال دودھ تو رمضان سے قبل ہی مہنگا کردیا گیا جبکہ بتدریج چینی، آٹے اور دالوں کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئیں۔

شہریوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے کی آمد کے ساتھ ہی ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں نے زیادہ منافع کی لالچ میں اشیا صرف کی مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کردی ہے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں نے مہنگائی کو اس سطح پر پہنچا دیا ہے کہ غریب آدمی کے لئے بچوں کو دووقت کی روٹی کما کر کھلانامشکل ہوگیا ہے

ذخیرہ اندوزوں اور ناجائزمنافع خوروں نے اس وقت جو اشیا ءصرف ذخیرہ کی ہیں وہ رمضان میں نکال کر زیادہ قیمت وصول کریں گے ، مارکیٹ میں اشیا صرف کی مصنوعی قلت ہے لیکن انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے

اس موقع سید مجتہد رضوی نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی ماہِ مقدس رمضان المبارک کی آمد پر اشیائے خورونوش کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں جن پر حکومت بھی اگر کوئی ریلیف دے تو پھر بھی یہ عام حالات سے مہنگی ہی رہتی ہیں خود ساختہ اضافے کے باعث انتہائی بنیادی ضرورت کی اشیا کی قیمتیں یکدم آسمان کو چھونے لگی ہیں، سبزیوں کے دام بڑھا دیے گئے جبکہ پھلوں کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا

دنیا بھر کے مہذب ممالک میں ان خصوصی دنوں اور تہواروں کے موقع پر اشیائے ضرور یہ کی قیمتیں کم کر دی جاتی ہے جب کہ وطن عزیز میں الٹی گنگابہتی ہے ہر سال ہی رمضان المبارک میں مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ جاتی ہے

دودھ، آٹا، گھی، چینی، تیل،سبزیاں وغیرہ سب مہنگے ہو جاتے ہیں اور پھل تو غریبوں کے لیے شجر ممنوعہ اس لیے ہو جاتے ہیں کہ وہ ان کی خریداری کے متحمل نہیں ہو سکتے

وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر نا جائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیےعملی اقدامات کریں.

Leave a reply