اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان ) اوچ شریف ۔ سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے کے باعث رہائشی ، تجارتی علاقے گندے پانی کے جوہڑوں میں تبدیل ، سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ، رہائشی و تجارتی علاقے گندے پانی کے تالابوں کا منظر پیش کرنے لگے ، سیوریج کا پانی زیر زمین پینے کے پانی میں شامل ، علاقہ مکین پیٹ سمیت متعدد وبائی امراض میں مبتلا ہونے لگے ، مچھروں کی بہتات ، ملیریا سمیت دیگر وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ۔ میونسپل کمیٹی دفتر کے چکر لگاکر تھک چکے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہورہی ، شہری وبائی امراض کا شکار ہونے لگے ، کمشنر بہاول پور نوٹس لیں ، علاقہ مکینوں کی اپیل
تاریخی شہر اوچ شریف کا سیوریج سسٹم مکمل طور پر ناکارہ ہونے کے باعث شہر کے گنجان آباد رہائشی اور کاروباری علاقے گندے پانی کے جوہڑوں کا منظر پیش کررہے ہیں ، گیلانی محلہ ، شمس کالونی ، اکبر ٹاؤن ، امیر آباد ، جگپورہ ، سمیت شہر کے کئی علاقوں میں کاروباری مراکز اور گھروں کے باہر سیوریج کا پانی کھڑا ہے ، سیوریج کا کھڑا پانی وہاں کے رہائشیوں کے لئے شدید پریشانی کا باعث ہے اور وہ تعفن زدہ ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، مارکیٹ میں گندے پانی کے باعث کاروبار ٹھپ ہوچکا ہے اور تاجر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں جبکہ بازار جانے والے مرد و خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، تاجروں اور اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ وہ میونسپل کمیٹی دفتر کے چکر لگا کر تھک چکے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہورہی ، سیوریج کا پانی زیر زمین پینے کے پانی میں شامل ہوچکا ہے جس کے باعث رہائشی پیٹ کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ، مچھروں کی بہتات کے باعث ملیریا سمیت متعدد وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے اور شہری الرجی سمیت متعدد امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں ، اور گھروں ، مکانات کے باہر کھڑے سیوریج کے پانی کے باعث عمارتوں میں دراڑیں پڑ چکی ہیں ، تاجروں کا کاروبار ٹھپ ہوچکا ہے ، شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں نئی سیوریج لائن بچھائی جائے اور بند لائنوں کو کھول کر سیوریج کا پانی نکالا جائے تاکہ انہیں اس عذاب سے نجات مل سکے
Shares:








