اوچ شریف : سیوریج کا گندہ پانی قبرستان میں داخل،درجنوں قبریں زمیں بوس

قدیمی زندہ لعل قبرستان بنیادی سہولیات سے محروم

اوچ شریف باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف شہر کے نواحی علاقے کا قدیمی زندہ لعل قبرستان بنیادی سہولیات سے محروم، نالیوں اور گھروں کا پانی قبرستان میں داخل، کئی فٹ جمع پانی سے درجنوں قبریں زمین بوس ہوگئیں، متعدد کے نشانات مٹ جانے سے پہچان کرنا مشکل ہوگیا۔ سادات خاندان کے آباؤ اجداد کی قبریں بھی شدید متاثر، چار دیواری ٹوٹ پھوٹ کا شکار، ناصفائی، نا پانی کی سہولت، نئی قبربنانے کے لیے کھدائی کے دوران زمین سے پانی نکلنے لگا، گندے پانی اور کچرے کے باعث تعفن اور بدبو پھیلنے لگی، اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ کے لیے آنے والے عزیز واقارب پریشان شہریوں کی جانب سے کمشنر و ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔

اوچ شریف کے نواحی علاقے زندہ لعل میں قدیمی قبرستان ضلعی انتظامیہ کی غفلت ونااہلی کے باعث گزشتہ کئی سال سے ناصرف بنیادی سہولیات سے محروم ہے، بلکہ قبرستان کے گرد غیرقانونی تجاوزات کی بھرمار اور ان گھروں کا کچرہ اور گھروں اور نالیوں کا سیوریج کا گندابدبودارپانی بھی انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث قبرستان میں داخل ہورہاہے جسکی وجہ سے قبرستان کی بڑی اراضی سیوریج کے گندے پانی میں ڈوب چکی ہے اور جمع شدہ کئی فٹ پانی کے مسلسل جمع رہنے کے باعث درجنوں قبریں زمین بوس ہوچکی ہیں اور بیشتر کوشدیدنقصان پہنچنے کے باعث ان کے نشانات ختم ہونے سے ان کی پہچان کرنا بھی مشکل ہوچکا ہے جبکہ قبرستان کی چار دیواری ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے

قبرستان میں روشنی و پانی کا کوئی انتظام موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے قبرستان آوارہ جانوروں کی بھی آماجگاہ بن چکا ہے اور قبروں کے گرد جنگلی جھاڑیاں اُگ آئی ہیں۔ دوسری جانب قبرستان میں مسلسل پانی جمع رہنے سے نئی قبر بنانے کے لیے کی جانے والی کھدائی کے دوران زمین سے پانی نکل آنا معمول بن چکا ہے۔ قبرستان میں بدبودار پانی اور گندگی کے باعث قبرستان میں تعفن اور بدبو کے باعث اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے آنے والے عزیز و اقارب کے لیے فاتحہ خوانی کرنا بھی پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔

واضح رہے یہ شہر اوچ شریف کے نواحی علاقے کا اہم اور قدیمی قبرستان ہے۔ دوسری جانب قبرستان کی تباہ حالی کیخلاف شہریوں عبدالقدیر، محمد اقبال، کمال، نورمحمد، صدام حسین ، سہیل احمد، کاشف حسین سمیت دیگر نے سخت مذمت کرتے ہوئے کمشنر و ڈپٹی کمشنر بہاولپور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قبرستان میں قبضوں، سیوریج کے جمع پانی ودیگر سہولیات کے فقدان کا نوٹس لے کر غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف کارروائی کی جائے

Comments are closed.