اوچ شریف:نوجوان انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید تعلیم حاصل کرکے معاشی انقلاب لاسکتے ہیں-شیخ ناصر

اوچ شریف ،باغی ٹی وی )نامہ نگارحبیب خان ) صدر چیمبر آف ایگریکلچر جنوبی پنجاب ، معروف سماجی شخصیت شیخ ناصر سلیم نے کہا ہے کہ نوجوان انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کرکے ہی ملک میں معاشی انقلاب لاسکتے ہیں ، وطن عزیز پاکستان کا مستقبل یہ نوجوان ہیں جنہیں ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں لانے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر فیڈرل ایگزیکٹو کونسل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ڈاکٹر ضیاء الحق شہزاد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ،

انہوں نے کہا کہ تاریخ کا مطالعہ کریں کہ تو آپ کو پتہ چلے گا کہ ترقی یافتہ ممالک نے تعلیم کے بل بوتے ہی ترقی کی منازل طئے کیں ، مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان میں ایجوکیشن پر حکومتوں کی جانب سے توجہ نہیں دی گئی ، یہی وجہ ہے کہ ہمارا لٹریسی ریٹ بہت کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ، کے پی کے ، اندرون سندھ سمیت جنوبی پنجاب کے کئی ایسے علاقے بھی موجود ہیں جہاں تعلیمی ادارے تک موجود نہیں اور اگر کہیں ہیں تو سہولیات میسر نہیں جوکہ کافی تشویشناک صورتحال ہے ،

وطن عزیز کو اس وقت شدید معاشی بحران کا سامنا ہے ، ہمیں گراس روٹ لیول سے از سر نو اپنی غلطیوں کو درست کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس میں سب سے بنیادی اور پہلا ہمارا مسئلہ نوجوان نسل کو تعلیم کی جانب گامزن کرنا ہے ، حکومت کو ہونہار طالب علموں کے لئے اسکالر شپ پروگرام کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان میڈیکل ، آئی ٹی ، انجینئرنگ سمیت دیگر شعبوں میں کامیابیاں حاصل کرسکیں ۔

اس کے علاوہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونہار طلباء کو بیرون ملک اسکالر شپ پر بھجوایا جائے تاکہ کل کو یہی نوجوان اپنی تعلیم اور تجربہ کی بنیاد پر ملک میں تعلیمی و معاشی انقلاب لاسکیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اردگرد ایسے ہونہار بچے جو تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کرسکتے ان کے تعلیمی اخراجات اپنے ذمہ لیں یہ ایک عظیم صدقہ جاریہ بھی ہے اور صاحب حیثیت افراد کی ایک طرح سے ذمہ داری بھی ہے کہ کل کو یہی نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی اور اپنے خاندان کی کفالت اور مزید افراد کو تعلیم حاصل کرانے میں کردار ادا کریں گے ،

قبل ازیں سینئر صحافی ڈاکٹر ضیاء الحق شہزاد بڈانی ، حاجی محمد عمران بڈانی نے شیخ ناصر سلیم سے ان کی بھتیجی کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت اور فیملی کے لئے صبر جمیل کی دعا کرائی گئی ، اس موقع پر سابق ٹی ایم او علی پور محمد سلیم بھی موجود تھے

Leave a reply