اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف کی ایک ہونہار اور باصلاحیت بیٹی، امِ ایمن بنت مہر غلام ربانی کاٹھیہ نے اپنی غیر معمولی تخلیقی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML) ملتان کیمپس کے زیرِ اہتمام منعقدہ انٹر کالجز آرٹ کمپیٹیشن میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اس شاندار کامیابی نے نہ صرف ان کے خاندان اور آبائی شہر اوچ شریف بلکہ پورے جنوبی پنجاب کے لیے باعث فخر لمحہ پیدا کر دیا ہے۔
15 اپریل 2025 کو منعقد ہونے والے اس قومی سطح کے باوقار مقابلے میں ملک بھر کے نامور تعلیمی اداروں کے ذہین طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ سخت مقابلے اور ججز کے لیے مشکل ترین فیصلہ کن لمحات کے باوجود امِ ایمن کا تخلیقی فن پارہ، رنگوں کے ذریعے اپنی کہانی بیان کرنے کا بے مثال ہنر اور دیکھنے والوں کے دلوں کو چھو لینے والی فنکارانہ مہارت سب پر غالب آ گئی۔ ان کی اس شاندار اور منفرد کارکردگی پر NUML ملتان کیمپس کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) اسد رضا نے انہیں خصوصی "سرٹیفیکیٹ آف اپریسی ایشن” پیش کیا اور ان کی بے پناہ قابلیت اور انتھک محنت کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کیا۔
امِ ایمن جو اس وقت KIPS کالج میں زیرِ تعلیم ہیں، بچپن ہی سے فنونِ لطیفہ میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ ان کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف تعلیمی میدان میں اوچ شریف کے ٹیلنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ شہر کے نوجوانوں اور بالخصوص طالبات کے لیے ایک روشن مثال اور فخرکا باعث بنی ہے۔
اوچ شریف کے شہریوں، اساتذہ کرام اور مختلف سماجی حلقوں نے امِ ایمن کی اس غیر معمولی کامیابی پر دلی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مستقبل کا ایک درخشاں ستارہ قرار دیا ہے۔ ان کے والد مہر غلام ربانی کاٹھیہ نے اپنی پیاری بیٹی کی اس شاندار فتح کو اللہ تعالیٰ کا خاص کرم اور اساتذہ کی دعاؤں کا ثمر قرار دیا۔
یہ شاندار کامیابی اس پختہ یقین کی عکاسی کرتی ہے کہ اگر دل میں سچا جذبہ، انتھک محنت اور بلند حوصلہ ہو تو چھوٹے شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑے سے بڑے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔ امِ ایمن کی یہ کامیابی جنوبی پنجاب کے دیگر باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ایک مشعل راہ ثابت ہو گی۔








