اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)تھانہ اوچ شریف کی حدود میں واقع پل موہانہ کے قریب گزشتہ روز دن دیہاڑے ایک سنگین ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جس میں تین موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے کریانہ سٹور سے نقدی اور قیمتی موبائل فون لوٹ لیے۔ واردات کے بعد ڈاکو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق تینوں ملزمان سرخ رنگ کی ہنڈا 125 موٹر سائیکل پر سوار ہو کر دکان پر پہنچے۔ اسلحہ کے زور پر دکاندار کو یرغمال بنایا گیا اور دکان میں موجود کیش اور موبائل فون چھین لیے گئے۔ ڈاکو واردات کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ اوچ شریف حرکت میں آ گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر کے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کی تصاویر حاصل کر لی گئی ہیں، جنہیں شناخت کے لیے عوام سے شیئر کیا گیا ہے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو ان ملزمان کے بارے میں کوئی معلومات حاصل ہوں تو فوری طور پر تھانہ اوچ شریف سے رابطہ کریں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

ضلعی پولیس نے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ شہر میں امن و امان کی فضا کو قائم رکھا جا سکے۔

Shares: