اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) دریائے ستلج اور چناب کے حالیہ سیلاب سے تباہ حال اوچ شریف کے عوام کی آواز پنجاب اسمبلی کے ایوان میں گونج اٹھی۔ عوامی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی مخدوم سید عامر علی شاہ نے اپنے حلقے کے متاثرین کی کسمپرسی اور دلخراش حالات کو جذباتی انداز میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ درجنوں دیہات پانی میں ڈوب گئے، ہزاروں گھر منہدم ہو گئے، کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں جبکہ بچے، خواتین اور بزرگ بھوک اور بیماری کا شکار ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں کو فوری طور پر آفت زدہ قرار دے کر راشن، خیمے، صاف پانی اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی غفلت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “اعلانات اور وعدوں سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، عملی اقدامات ہی سہارا ہیں، بصورت دیگر عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے۔
” مقامی عوام نے اپنے نمائندے کی جرات مندانہ وکالت پر خوشی اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نقصانات کا فوری تخمینہ لگایا جائے اور معاوضے کے ساتھ بحالی کے منصوبے بنائے جائیں۔








